لاہور ،رنگ برنگی غیر نمونہ قومی پرچم پر وزیراعظم سمیت مختلف شخصیات کی تصاویر

ہائی کورٹ نے سیکرٹری داخلہ سے رپورٹ طلب کر لی

جمعرات 11 اگست 2016 17:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔11 اگست ۔2016ء) یوم آزادی کے موقع پر شہر بھر میں جشن آزادی کی تیاریاں عروج پر ہیں مختلف مارکیٹوں سے قومی پرچم، بیجز قومی پرچم سے بنائے گئے لباس،رنگ برنگی جھنڈیوں اور قمقموں سے شہری اپنے گھر اوردفاتر کوسجانے میں مصروف ہیں شہر کی مختلف مارکیٹوں میں فروخت ہونے والی رنگ برنگی غیر نمونہ جھنڈیوں اور سبز ہلالی قومی پرچم پر وزیراعظم سمیت مختلف شخصیات کی تصاویر سے قومی پرچم کے تقدس کوپامال کئے جانے کا ہائی کورٹ نے نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری داخلہ کو تین ماہ کے اندر رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

قومی پرچم کے تقدس کے تحفظ کرنے کے حوالے سے ہائیکورٹ میں درخواست گزار کے وکیل عمران خان نے بتایا ہے کہ 14اگست1947ء کو پاکستان کے معرض وجود میں آنے سے تین روز قبل پاکستان کا سبز ہلالی قومی پرچم تشکیل پاچکا تھا مگر افسوسناک بات یہ ہے کہ آج تک اس حوالے سے باقاعدہ رولز نہیں بنائے گئے گزشتہ کئی برسوں سے یوم آزادی کے موقع پر قومی پرچم پر وزیراعظم وزیراعلیٰ سمیت مختلف شخصیات کی تصاویر لگائی جارہی ہیں جو قومی پرچم کے تقدس کو پامال کرنے کے زمرے میں آتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہر میں فروخت ہونے والی قومی پرچم کی جھنڈیاں مختلف رنگوں اور سائز میں دستیاب ہیں جو سب غیر نمونہ اور رولز کے منافی ہیں انہوں نے کہا کہ قومی پرچم کسی بھی ملک کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے اور اس کے تقدس کوبرقرار رکھنے کے لئے قواعد وضوابط موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس حوالے سے 2002ء میں رولز مرتب کیے گئے تھے جو دستیاب ہی نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قومی پرچم کا ایک سائز ہے جس میں سبز اور سفید رنگ کو استعمال کیا گیا ہے سفید رنگ پاکستان میں موجود اقلیتوں کی نمائدگی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس شاہد بلال نے دلائل سننے کے بعد سیکرٹری داخلہ کو حکم دیا ہے کہ وہ تین ماہ کے اندر اندر قوائد وضوابط مرتب کرکے رپورٹ پیش کریں تاکہ وہ قومی پرچم کا تقدس برقرار رکھا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :