حکومت کبھی بھی پانامہ لیکس کے معاملے پر آزاد کمیشن کے قیام سے نہیں بھاگی ،اپوزیشن ہی ٹی او آرز کے معاملے پر رکاوٹ بنی ہوئی،حزب اختلاف کی طرف سے ریاستی اداروں کو تنقید کا نشانہ بنانا درست نہیں،دہشتگردی کے خلاف آپریشن سے امن و امان کی صورتحال میں واضح بہتری آئی ہے

وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس اکرم خان درانی کی پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو

جمعرات 11 اگست 2016 17:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 اگست ۔2016ء) وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ حکومت کبھی بھی پانامہ لیکس کے معاملے پر آزاد کمیشن کے قیام سے نہیں بھاگی ،اپوزیشن ہی ٹی او آرز کے معاملے پر رکاوٹ بنی ہوئی،اپوزیشن کی طرف سے ریاستی اداروں کو تنقید کا نشانہ بنانا درست نہیں،دہشتگردی کے خلاف آپریشن سے امن و امان کی صورتحال میں واضح بہتری آئی ہے۔

وہ جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان کے لانچ ہونے سے پہلے ایک روز میں 10,10دھماکے ہوئے تھے۔اب 6ماہ یا سال میں ایک بڑا دھماکہ ہوتا ہے،جس سے نطرآتا ہے کہ 2013کے مقابلے میں امن و امان کی صورتحال میں واضح بہتری آئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی اداروں پر تنقید کی بجائے ان کی تعریف کی جانی چاہیے،اپوزیشن کی طرف سے عسکری اداروں کے سربراہان کو بلاکر بریفنگ لینے تک کی بات تو ٹھیک ہے لیکن امن و امان قائم کرنے والوں کی کارکردگی پر انگلیاں نہیں اٹھائی جانی چاہیں۔

اکرم درانی نے کہا کہ 2018کے انتخابات میں فیصلہ ہوجائے گا کہ اپوزیشن درست تھی یا حکومت نے اچھے کام کیے،پانامہ کے معاملے پر حکومت کبھی آزادکمیشن کے قیام سے نہیں بھاگی،اپوزیشن ہر دفعہ کمیشن کے قیام کی راہ میں روڑے اٹکاتی ہے۔