Live Updates

عسکری اداروں کے خلاف حکومتی اتحادیوں کی ہرزہ سرائی قابل مذمت ہے‘عبدالعلیم خان

راکے جاسوس پکڑے جانے پر حکمرانوں کو سانپ سونگھ گیا ،حکومتی مہرے پھر بے نقاب ہو گئے‘رہنما پی ٹی آئی

جمعرات 11 اگست 2016 18:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 اگست ۔2016ء ) تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ حکومت اتحادیوں کی طرف سے دہشتگردی ،را کی کاروائیوں اور غیر ملکی مداخلت کی مذمت کرنے کی بجائے عسکری اداروں کے خلاف قومی اسمبلی میں کی جانے والی ہرزہ سرائی قابل مذمت ہے محمود اچکزئی ،مولانا فضل الرحمان اور غلام احمد بلور جیسی شخصیات نے کبھی پاکستان کے قیام کو دل سے تسلیم ہی نہیں کیا حکومت کی گود میں بیٹھنے اور مراعات حاصل کرنے کے باوجود قومی اداروں کے بارے میں شرمناک گفتگو ان شخصیات کی اصل ذہنیت کی عکاسی ہے جس پر ہر پاکستانی کو تشویش ہے ۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ بلوچستان سے را کے جاسو س پکڑے جانے پر وزیر اعظم اور اُن کی کابینہ سمیت حکمرانوں کو سانپ سونگھ گیا دراصل انہیں پاکستان کے تحفظ کی بجائے بھارت سے اپنے بزنس کی فکر لاحق ہو گئی تھی حالانکہ اُسی جاسوس نے پاکستان میں بھارت کی تخریبی کاروائیوں کا بھانڈہ پھوڑ دیا تھا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کے بارے میں ایسے شرمناک اور نفرت انگیز بیانات آئین پاکستان کی خلاف ورزی ہیں جن کا اعلیٰ عدالتوں کو از خود نوٹس لینا چاہیے ۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ وزیر اعظم کی آشیر باد کے بغیر "اچکزئی اینڈ کمپنی "ایسی حرکات کا ارتکاب نہیں کر سکتے درحقیقت ایک مرتبہ پھر حکومتی مہرے بے نقاب ہو گئے ہیں۔ عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ کراچی سے خیبر تک پاکستان کے عوام دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ اور وطن عزیز کے دفاع کو یقینی بنانے کیلئے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ساتھ کھڑے ہیں وقت آ گیا ہے کہ پاکستان کے اصل دشمنوں کو پہچانا جائے اور اُن کی بیخ کنی کیلئے ہر پاکستانی باہر نکلے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ عمران خان کی کال بھی اسی سسٹم اور خرابیوں کے خلاف ہے جس کا مقصد ملک کو صاف اور شفاف نظام دینا ہے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات