انسداد ڈینگی کیلئے روزانہ کی بنیاد پر فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی کو اچانک مانیٹرنگ کے ذریعے چیک کیا جائے گا ‘صفدر حسین ورک

جمعرات 11 اگست 2016 18:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 اگست ۔2016ء ) ایڈمنسٹریٹر راوی ٹاؤن صفدر حسین ورک نے کہا ہے کہ انسداد ڈینگی کے لیے اب روزانہ کی بنیاد پر فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی کو اچانک مانیٹرنگ کے ذریعے چیک کیا جائے گا اور موقع پر ہی موبائل نمبروں کے ذریعے شہریوں سے فیلڈ ٹیموں کے بارے میں فیڈ بیک لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مون سون بارشوں اور درجہ حرارت میں کمی کے باعث ڈینگی لاروا کو پنپنے کا موقع مل سکتا ہے۔

اس لیے ذرا سی بھی غفلت و کوتاہی بڑے نقصان کا باعث بن سکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ ان ڈور چیکنگ کو موثر ترین بنایا جائے۔ گھروں میں موجود ایئر کولروں اور چھتوں پر پڑے ہوئے ناکارہ برتنوں اور سامان کو ہر صورت چیک کیا جائے۔ قبرستانوں اور پارکوں میں جھاڑیوں کی صفائی اور کھلے پلاٹوں میں موجود بارشی پانی کی نکاسی پر پوری توجہ دی جائے۔ انہوں نے ٹی ایم اے عملہ کو ہدایت کی کہ ورکشاپس ، گوداموں، ٹائر کی دکانوں اور کباڑ خانوں کو باقاعدگی کے ساتھ مانیٹر کیا جائے۔ایڈمنسٹریٹر راوی ٹاؤن صفدر حسین ورک نے ان خیالات کا اظہار 42ویں انسداد ڈینگی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران اور فیلڈ ٹیموں نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :