نہری انتظام وانصرام میں کسانوں کی شمولیت کو موثر بنانے ،امورِ آبپاشی میں بہتری لانے کیلئے لیگل فریم ورک کو اپ گریڈ کر دیا ‘ میاں یاور زمان

پنجاب حکومت نے کسان برادری کو ترقی کے سفر میں بنیادی رول دیا ہے تا کہ زراعت کو فروغ مل سکے ‘صوبائی وزیر آبپاشی و چیئرمین پیڈا

جمعرات 11 اگست 2016 18:22

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 اگست ۔2016ء ) صوبائی وزیر آبپاشی و چیئرمین پیڈا میاں یاور زمان نے کہا ہے کہ نہری انتظام وانصرام میں کسانوں کی شمولیت کو موثر بنانے اور امورِ آبپاشی میں بہتری لانے کے لئے لیگل فریم ورک کو اپ گریڈ کر دیا گیا ہے جس کی بدولت کسانوں کی مشکلات میں یقینی کمی آئے گی۔یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں کسان تنظیموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے والے اجلاس کی صدارت کے دوران کہی۔

اس موقع جنرل مینجر پیڈا چوہدری اصغر حمید، ڈپٹی جنرل مینجر (ایڈمنسٹریشن) افضل انجم طور، لوئر باری دو آب کینال ایریا واٹر بورڈ کے چیئرمین سردار ٹیپو عثمان خان کے علاوہ محکمہ آبپاشی کے مختلف افسران بھی موجود تھے۔اجلاس میں صوبائی وزیر کو کسان تنظیموں کی جانب سے آبیانہ وصولی اور کسانوں کے باہمی تنازعات کے خاتمہ کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیر آبپاشی میاں یاور زمان نے اجلاس کے دوران کسان نمائندگان کو مخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ پانی چوری کی روک تھام ، آبیانہ کی بھرپور وصولی اور نہری پانی کی ٹیلوں تک ترسیل یقینی بنانے کے لئے پیڈا کے لیگل فریم میں ضروری ترامیم کی جا چکی ہیں تا کہ کسان تنظیموں کو فرائض کی ادائیگی میں مشکلات پیش نہ آئیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے کسان برادری کو ترقی کے سفر میں بنیادی رول دیا ہے تا کہ زراعت کو فروغ مل سکے ۔

صوبائی وزیر نے اجلاس کے دوران پیڈا کے افسران پر زور دیا کہ وہ کسان تنظیموں کے ساتھ اپنے روابط مزید بہتر کریں تاکہ انہیں ٹیکنیکل اور انتظامی امور کے بارے میں درکار معاونت مل سکے۔ اس موقع پر انہوں نے ہدایت کی کہ پیڈا کے سینئر افسران ایریا واٹر بورڈ کی سطح پر کسان تنظیموں کے ریگولر اجلاس منعقد کریں تا کہ کسان برادری کی بہتری کے لئے کئے جانے والے حکومتی اقدامات کے خاطر خواہ نتائج حاصل ہو سکیں۔

متعلقہ عنوان :