پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق اسی طرح محفوظ ہیں جس طرح مسلمانوں کے محفوظ ہیں‘خلیل طاہر سندھو

اقلیتوں نے وطن عزیز کے لئے ہمیشہ قربانیاں دیں، وطن کی ترقی و خواشحالی کے لیے متحد ہو کر کام کرنا ہوگا‘وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور

جمعرات 11 اگست 2016 18:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 اگست ۔2016ء ) اس خطے کے دیگر ممالک کی نسبت پاکستان میں اقلیتی زیادہ محفوظ ہیں،اسلامی تعلیمات ، قائداعظم اور علامہ اقبال کے ارشادات کی روشنی میں اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں، آئین پاکستان میں تمام شہریوں کو بلاتفریق رنگ ،مذہب و نسل برابر شہری قرار دیا ہے، تحریک پاکستان میں اقلیتی رہنماؤں نے قائداعظم اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ قیام پاکستان کے لیے بہت سی قربانیاں دیں اور اقلیتوں کے فیصلہ کن ووٹ سے کامیابی حاصل ہوئی،پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتیں سکھ، ہندو مسیحی سب کے حقوق اس وطن میں اُسی طرح محفوظ ہیں جتنے پاکستان میں مسلمانوں کے محفوظ ہیں، اس وطن کی مٹی سے ہمیں محبت ہے۔

ہم نے کل بھی وطن عزیز کے لیے قربانیاں دیں اور آئندہ بھی قربانیاں دینے کے لیے تیار ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو نے الحمراء میں ’’یوم اقلیت‘‘ کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے کوشاں ہیں۔گریڈ1سے17تک اقلیتوں کے لیے 5فیصد کوٹہ لازمی قرار دیا گیا ہے۔

جس میں پانچ ہزار سے زائد لوگوں کو نوکریاں حاصل ہوئی ہیں۔ اسی طرح کرسمس،ہولی، دیوالی پرپنجاب حکومت خصوصی گرانٹس فراہم کرتی ہے۔ گذشتہ چار سالوں میں تین ہزار سے زائد اقلیتوں کے طلبا و طالبات کو سکالر شپ فراہم کی گئی ہے۔ محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور کے بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا۔ ڈائریکٹویٹ کا قیام کے جلد اعلان کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے لوگوں کو الہامی کتاب کو حفظ کرنے پر اضافی نمبرز آور اقلیتی قیدیوں کی سزاؤں میں کمی کے حوالے سے سمری بھجوائی گئی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ 11اگست’’ یوم اقلیت‘‘ ہمیں تحریک پاکستان میں اقلیتی رہنماؤں کا کردار ہماری حوصلہ افزائی کرتا ہے کہ ہم مستقبل میں بھی پاکستان کی خوشحالی و ترقی کے لیے متحد ہو کر اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے اندر احساس محرومی اور احساس بیگانگی کوختم کرنا ہوگا۔ہمیں مل کر ،متحد ہو کر وطن عزیز کو آگے لے کر چلنا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے ہائیرایجوکیشن ذکیہ شاہنواز نے کہا کہ اس تقریب میں آنا اُن کے لیے باعث فخر ہے۔ ہم سب ایک مٹھی کی مانند متحدہیں۔ ہم سب آپس میں بھائی ہیں اور ہماراجسم و جان کا رشتہ ہے۔

پاکستانی پرچم میں سفید رنگ اقلیتوں کی نمائندگی کرتا ہے اور اس ملک میں اقلیتیں ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔ صوبائی وزیر معدنیات چوہدری شیر علی نے تحریک پاکستان میں اقلیتی رہنماؤں کے کردار کو سراہا۔ ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر درشن لال نے پاکستان میں ہندوبرادری کی خدمات کو سراہا ۔ پارلیمانی سیکرٹری برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور طارق گل نے پنجاب میں مسیحی برادری کی پاکستان میں خدمات کا ذکر کیا اور حکومت پنجاب کے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔

ممبر صوبائی اسمبلی رومیش سنگھ ارورہ نے سکھ برادری کی وطن عزیز میں خدمات اور بین المذاہب ہم اہنگی کے حوالے سے پنجاب حکومت کے اقدامات کو سراہا۔ ممبر صوبائی اسمبلی کانجی رام نے پنجاب میں ہندوبرادری کی خدمات اور ان کے لیے کیے گئے اقدامات کا ذکر کیا۔ تقریب میں بشپ حضرات نے پاکستان کی خوشحالی ،ترقی اور امن و امان کے قیام کے لیے خصوصی دُعا کی۔

تقریب میں شہباز بھٹی شہید کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ تقریب کے اختتام پر مختلف شعبوں میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے افراد اور نمایاں عہدوں پر فائز شخصیات کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔ تقریب میں صوبائی وزیر خلیل طاہر سندھو نے جاوید ولیم ، پروفیسر کرسٹی منیر، جانسن برنارڈ ، میجر جنرل ڈاکٹر نوئیل کھوکھر، بشن سنگھ سمیت پچاس سے زائد افراد کو ایوارڈز پیش کیے۔

تقریب میں سانحہ کوئٹہ(بلوچستان) میں شہید افراد کے لیے دومنٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ منیارٹی ڈے کے حوالے سے پنجاب حکومت نے خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا۔ اس میں تمام اقلیتوں سے تعلق والے افراد سکھ، ہندو،مسیحی اور دیگر اقلیتوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں سیکرٹری انسانی حقوق و اقلیتی امور احمد رضا سرور ، ڈپٹی سیکرٹری حماد حامد، بشپ شاہد معراج، بشپ مجید ایبل،بشپ ارشد جان ، سول سوسائٹی ،صحافی حضرات اور محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور کے افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :