وزیر اعلیٰ پنجاب کے نام امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد کا کھلا خط

حکومت پنجاب 14اگست کو جشن آزادی کی ریلیوں پر پابندی کافیصلہ فوری واپس لے‘میاں مقصود جشن آزادی کو بھرپور اور پُرجوش انداز میں مناکر ملک دشمن بیرونی طاقتوں کے عزائم کوناکام بنائیں‘امیر جماعت اسلامی پنجاب

جمعرات 11 اگست 2016 18:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 اگست ۔2016ء ) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے و زیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کے نام اپنے کھلے خط میں کہاہے کہ 14اگست یوم آزادی پاکستان درحقیقت تجدید عہد کا دن ہے،پاکستان کے 18کروڑ عوام ہر سال جشن آزادی روایتی شان وشوکت سے مناتے ہیں،گزشتہ سالوں کی طرح اس بار بھی پنجاب سمیت ملک بھر میں دینی وسیاسی جماعتوں،سماجی تنظیموں اور سول سوسائٹی کی طرف سے مختلف سیمینارز،جشن آزادی ریلیاں اوردیگراہم پروگرامات ترتیب دیئے گئے ہیں۔

اگرچہ کوئٹہ میں دہشتگردی کاحالیہ روح فرساواقعہ پیش آیا ہے جس کے ذریعے ملک دشمن بیرونی قوتوں کی جانب سے پورے ملک میں خوف وہراس پھیلانے کی سازش کی گئی ہے مگرملک وملت کے خلاف ان سازشوں کو پوری قوم نے متحد ہوکر ناکام بنانا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہمارے علم میں آیا ہے کہ پنجاب کے تمام ضلعی انتظامی افسران لوگوں کو جشن آزادی کے پروگرامات منعقد کرنے سے روک رہے ہیں اورحکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں دہشتگردی کے خطرے کے پیش نظر جشن آزادی کے پروگرامات پرپابندی لگادی ہے۔

ہماری دانست میں یہ ایک دانشمندانہ فیصلہ نہیں ہے۔اس سے ملک دشمن بیرونی قوتوں کا ایجنڈاکامیاب ہوجائے گا۔انہوں نے کہاکہ اسلامیان پاکستان کوحسب روایت جشن آزادی پاکستان پُرجوش طریقے سے مناناچاہئے اور حکومت کو اس حوالے سے لگائی جانے والی پابندی کوختم کرنا چاہئے تاکہ 14اگست کوپنجاب سمیت پورے ملک سے پاکستان سے محبت اور وفاداری کاپیغام پوری دنیا میں پہنچ سکے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب کو خودبھی جشن آزادی کے سلسلے میں سرکاری سطح پر بھی بڑے پروگرامات اور ریلیاں منعقد کرنی چاہئیں۔ان حالات میں دفاعی حکمت عملی اختیارکرنے سے پوری قوم کے حوصلے پست ہوں گے ۔انہوں نے مزیدکہاکہ پاکستان ایک نظریاتی مملکت ہے اوردوقومی نظریے کی بنیاد پریہ ملک حاصل کیا گیا تھا۔اسلام اور پاکستان دشمن عناصر کی نظروں میں وطن عزیز ایک طویل عرصے سے کھٹک رہا ہے۔

بیرونی طاقتوں کے دہشتگرد عناصریہی چاہتے ہیں کہ پاکستان کو ایک ناکام ریاست قرار دیاجائے اور خاکم بدہن! ملکی سلامتی کو نقصان پہنچایاجائے۔اب حکومت اوراپوزیشن میں شامل جماعتوں کا یہ فرض اولین ہے کہ وہ گزشتہ سالوں کی طرح اس بار بھی جشن آزادی پاکستان کو بھرپور اور پُرجوش انداز میں مناکر ملک دشمن بیرونی طاقتوں کے عزائم کوناکام بنائیں۔میاں مقصود احمد نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے نام اپنے خط میں مزیدکہاکہ امیدکی جاتی ہے کہ آپ بحیثیت وزیر اعلیٰ پنجاب اپنے اس فیصلے پرنظر ثانی کرتے ہوئے جشن آزادی کے سلسلے میں ریلیوں پر پابندی کو ختم کریں گے اورحکومتی سطح پربھی یوم آزادی کے موقع پر بڑے پروگرامات اور ریلیاں منعقد کریں گے۔