عمان کوسٹ گارڈ و پولیس کے وفد کی ڈائریکٹر جنرل برگیڈیئر بدر بن خلفان ال زدجالی کی قیادت میں مزارِ قائد پر حاضری

جمعرات 11 اگست 2016 19:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 اگست ۔2016ء) پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کی خصوصی دعوت پر آئے ہوئے عمان کوسٹ گارڈ و پولیس کے وفد نے ڈائریکٹر جنرل برگیڈیئر بدر بن خلفان ال زدجالی کی قیادت میں مزارِ قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس کے بعد انہیں مزار کے احاطے میں موجود میوزیم میں قائد اعظم کے زیرِ استعمال مختلف اشیاء دکھائی گئی۔

(جاری ہے)

بعدازاں عمانی کوسٹ گارڈ و پولیس کے وفد نے کماندڑ پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل سید عارف اﷲ حسینی سے ملاقات کی جس میں میری ٹائم چیلنجز اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے بعد وفد نے پاک بحریہ کے ہیڈ کواٹر میں کمانڈر کراچی ریئر ایڈمرل فرخ احمد سے ملاقات کی اور باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بریگیڈیئر بدر بن خلفان ال زدجالی نے خطے میں میری ٹائم چیلنجز سے نمٹنے ، بحری قذاقی، انسانی اسمگلنگ، منشیات کی نقل و حمل کی روک تھام میں پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کے کردار کو خصوصی طور پر سراہا۔

اس موقع پر دونوں جانب سے سمندری معاملات، سیکورٹی، انفارمیشن کے تبادلے کو فروغ دیئے جانے پر اتفاق کیا گیا۔ آخر میں وفد نے پاکستان میری ٹائم میوزیم کارساز کا بھی دورہ کیا۔

متعلقہ عنوان :