مذہبی اقلیتوں کے تحفظ کے لیے انتخابی اصلاحات کی جائیں ،کہ ملکی بقا اور سلامتی تمام شہریوں کو متناسب نمائندگی اور حقوق کی فراہمی میں مضمر ہے، قومی اسمبلی میں اقلیتوں کے لیے مخصوص کوٹہ 10سیٹوں سے بڑھا کر 18سیٹیں کیا جائے

امریکی سفیرڈیوڈ ہیل، آسٹریلوی ہائی کمشنر،جرمن سفیر، سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر پال بھٹی اور دیگر کا اقلیتوں کے عالمی دن پر منعقدہ سیمینار سے خطاب

جمعرات 11 اگست 2016 19:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 اگست ۔2016ء ) پاکستان میں امریکی سفیرڈیوڈ ہیل، آسٹریلوی ہائی کمشنر،جرمن سفیر اور دیگر نے کہا ہے کہ پاکستان میں بسنے والی مذہبی اقلیتوں کے جان ومال کے تحفظ اور سماجی برابری کے لیے ملک میں سود مند انتخابی اصلاحات کے ذریعے بہتری لائی جا سکتی ہے جبکہ مذہبی اقلیتوں کو قومی دھارے میں شامل کیے بغیر ترقی کے اہداف کا حصول نا ممکن ہے۔

وہ جمعرات کو اقلیتوں کے عالمی دن کے حوالے سے منعقد کیے گئے ایک سیمینار سے خطاب کر رہے تھے ۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ملکی بقا اور سلامتی تمام شہریوں بشمول اقلیتی برادری کو متناسب نمائندگی اور حقوق کی فراہمی میں مضمر ہے۔ قلیتوں کے عالمی دن کے حوالے سے آل پاکستان مائناریٹیز الائنس کے چیئرمین اور سابق وفاقی وزیر برائے قومی ہم آہنگی ڈاکٹر پال جیکب بھٹی کی جانب سے کیا گیاجبکہ پاکستان میں امریکی سفیرڈیوڈ ہیل، آسٹریلیین ہائی کمشنر،جرمن سفیرسمیت بڑی تعداد میں غیر ملکی سفیروں اور سفارت خانوں کے نمائندگان کی ایک بڑی تعداد نے پاکستان میں مذہبی اقلیتوں سے اظہار یکجہتی کے لیے موجود تھی۔

(جاری ہے)

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر پال بھٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مذہبی اقلیتوں کو تمام سیاسی پلیٹ فارمز پر مساوی نمائندگی کا حق دیا جائے۔ انھوں نے مذہبی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے انتخابی اصلاحات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی میں اقلیتوں کے لیے مخصوص کوٹہ 10سیٹوں سے بڑھا کر 18سیٹیں کیا جائے تاکہ اقلیتی برادری کے نمائندگان قانون سازی میں موثر کردار ادا کرسکیں۔

سابق وفاقی وزیر نے مطالبہ کیا کہ آئین پاکستان کی ایسی شقیں جو اقلیتوں کے مساوی حقوق سے متصادم ہیں ان کو فی الفور رد کیا جائے تاکہ اقلیتیں بھی اپنے قومی تشخص کا بھر پور فائدہ اٹھا سکیں۔ان کا کہنا تھا کہ آئین کی شق جس کے تحت کوئی غیر مسلم صدر کا عہدہ نہیں سنبھال اسے فی الفور ختم کیا جائے ۔ ملک میں انتخابی اصلاحات کا مطالبہ کرتے ہوئے ڈاکٹر پال بھٹی نے اقلیتوں کے لیے دوہرے ووٹ کے نظام کی تجویز پیش کی۔

اس موقع پر دیگر سیاسی و مذہبی قائدین نے بشمول ڈاکٹر الیگزینڈر ملک ، مولانا کبیر آزاد، فادر پرویز ایمانؤیل، نواز کھرل، پروفیسرفیصل عبدالغفور اور الیکشن کمیشن کے سابق سیکرٹری کنور دلشاد نے بھی خطاب کیا۔ اقلیتوں کے عالمی دن پر مذہبی اقلیتوں کو پاکستان کی شناخت اور بہتری کے لیے کام کرنے پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔