سانحہ کوئٹہ بہت ہی المناک ہے ،اس سے پورا کوئٹہ صدمے اور سکتے کی لپیٹ میں ہے،م اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے یک جان ہو جائے وگرنہ قیادت اور عوام کے محاذ پر انتشار بڑی تباہی کا باعث ہو گا، وزیراعظم فوری قومی سلامتی پر قومی قیادت کو اعتماد میں لیں

سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کا بیان

جمعرات 11 اگست 2016 20:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 اگست ۔2016ء ) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ سانحہ کوئٹہ بہت ہی المناک ہے جس سے پورا کوئٹہ صدمے اور سکتے کی لپیٹ میں ہے ، اس سانحہ میں سینئر اور قابل وکلا کی بڑی تعداد شہید ہوگئی۔ سانحہ کوئٹہ نے پوری قوم کو جھنجھوڑ کر رکھ دیاہے، قوم اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے یک جان ہو جائے وگرنہ قیادت اور عوام کے محاذ پر انتشار بڑی تباہی کا باعث ہو گا۔

جمعرات کو کوئٹہ سے واپسی پر اپنے بیان میں لیاقت بلوچ نے کہاکہ فوری طور پر ناگزیر ہے کہ وزیراعظم قومی سلامتی پر قومی قیادت کو اعتماد میں لیں اور ایک پیج پر جمع رکھیں۔قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد میں کہاں کمزوریاں ہیں انہیں دور کیا جائے۔

(جاری ہے)

پولیس اور انٹیلی جنس اداروں کی کمزوریاں ختم کی جائیں۔ امریکہ اور بھارت پاک چائنہ اقتصادی راہداری کسی صورت برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں اس منصوبہ پر عملدرآمد کے لیے ملک کے اندر اختلافات ختم کیے جائیں۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ بلوچستان میں سانحہ کوئٹہ کے بعد بہت اہم موقع ہے کہ سیاسی اور عسکری قیادت معاشی ، سیاسی اور سماجی مسائل حل کریں اور کوئٹہ میں قومی قیادت کی آل پارٹیز کانفرنس بلائیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں حق خود ارادیت کی بے مثال تحریک سے عالمی توجہ ہٹاناچاہتاہے اس لیے سفارتی محاذ پر مسئلہ کشمیر پوری قوت سے اٹھایا جائے۔