گورنر سندھ و چانسلر ڈاکٹر عشرت العباد خا ن نے پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ کو مزید چار برس کیلئے شاہ عبد اللطیف یونیورسٹی خیر پور کا وائس چانسلر تعینات کردیا

جمعرات 11 اگست 2016 22:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 اگست ۔2016ء) گورنر سندھ و چانسلر ڈاکٹر عشرت العباد خا ن نے پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ کو مزید چار برس کے لئے شاہ عبد اللطیف یونیورسٹی خیر پور کا وائس چانسلر تعینات کردیا ہے ۔ دریں اثناء گورنر سندھ و چانسلر ڈاکٹر عشرت العباد خان نے ہیڈ آف ڈپارٹمنٹ الیکٹریکل اینڈ انرجی انجینئرنگ سکھر آئی بی اے (IBA) پروفیسر ڈاکٹر مدد علی شاہ کو قائم مقام وائس چانسلر بینظیر بھٹو شہید یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اینڈ اسکل ڈیوپلمنٹ خیر پور تعینات کردیا ہے ۔

علاوہ ازیں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ اور پروفیسر ڈاکٹر مدد علی شاہ نے آج شام گورنر ہاؤس میں علیحدہ علیحدہ ملاقا ت کی۔ملاقات میں پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ اور پروفیسر ڈاکٹر مدد علی شاہ نے گورنر سندھ کو تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے اور جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم نظام کے لئے کی جانے والی کاوشوں سے تفصیلی سے آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل ہونے کے لئے ہمیں اپنے تعلیمی نظام کو مزید بہتر بنانا ہوگا اس ضمن میں حکومت سندھ تمام وسائل فراہم کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ اپنی صلاحیتوں سے آئندہ کی نسل کو بہتر انداز میں تیار کرسکتے ہیں ، ہمیں اپنے محدود وسائل میں رہتے ہوئے تعلیم پر بھرپور توجہ دینا ہو گی ۔ چانسلر ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیمی نظام وقت کی اہم ضرورت ہے ا س جانب بھرپور کا وشوں کی ضروت انہتائی ناگزیر ہیں ۔