مہمند ایجنسی میں طویل لوڈ شیڈنگ ‘عوام کو سخت مشکلات کا سامنا

جمعہ 12 اگست 2016 14:28

مہمند ایجنسی۔12 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12 اگست۔2016ء)مہمند ایجنسی میں طویل لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے عوام کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ‘کاروبار زندگی ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے ‘ حکومت سے بجلی کی فراہمی کے لئے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق علاقے میں طویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف میامنڈی میں مظاہرہ بھی کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے قبائلی رہنماء ملک امیر نواز خان ‘ سماجی کارکن میر افضل مومند اور مولوی عبدالحق نے کہا کہ مہمند ایجنسی میں بجلی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بائیس گھنٹے تک پہنچ گیا ہے اور علاقے کو صرف آدھے گھنٹے بجلی فراہم کی جاتی ہے جس سے کاروبار زندگی ٹھپ ہو کر رہ گیاہے ۔

انہوں نے کہاکہ متعلقہ انتظامیہ کی جانب سے مہمند ایجنسی کے عوام سے کہا گیا تھا کہ علاقے کو یومیہ دس گھنٹے بجلی فراہم کی جائے گی تاہم ابھی تک صورتحال جوں کی توں ہے ۔انھوں نے کہا کہ تمام فیڈرز پر یکساں بجلی فراہم کی جائے کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں کیا جانا چاہئے ۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ علاقے میں لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ فوری طور پر حل کیا جائے تاکہ یہاں کے عوام کی مشکلات میں کمی واقع ہو اور اپنا کاروبار زندگی بہتر طور پر انجام دے سکیں۔