صوبہ بھر میں ون ویلنگ اور سائلنسر نکال کر موٹر سائیکل چلانے پر پابندی عائد

جمعہ 12 اگست 2016 14:34

فیصل آباد۔12 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12 اگست۔2016ء)فیصل آباد سمیت صوبہ بھر میں ون ویلنگ اور سائلنسر نکال کر موٹر سائیکل چلانے پر سختی سے پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ موٹر سائیکلوں کے انجنز میں ون ویلنگ کیلئے غیر قانونی و بلا جواز تبدیلی کو بھی جرم قرار دے دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

فیصل آباد ریجنل پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے فیصل آباد، لاہور اور دیگر بڑے شہروں میں ون ویلنگ سمیت سائلنسر نکال کر موٹر سائیکل چلانے اور اسی وجہ سے حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے اسے سنگین جرم قرار دے دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے بعد اگر کسی بھی جگہ پر کوئی نوجوان مذکورہ احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پایا گیا تو اسے گرفتار کر کے قید و جرمانہ کی سزا سنائی جائے گی۔نیز موٹر سائیکل بحق سرکار ضبط کرنے کے علاوہ ان کے والدین کو بھی اعانت جرم کا مرتکب قرار دیا جائے گا۔