نیشنل ایکشن پلان پر فوری طرح عملدرآمد ہوتا توآج لاشیں نہ اٹھاتے ، آفتاب شیر پاؤ

جمعہ 12 اگست 2016 16:32

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 اگست ۔2016ء ) قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمدخان شیر پاؤ نے کہاہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر فوری طرح عملدرآمد ہوتا توآج لاشیں نہ اٹھاتے ،ہمیں سوچنا ہوگا کہ کیا ہر دفعہ سانحات کے بعد ہم اکھٹے اور معاملات کو ری وزٹ کرینگے یا اس کاکوئی مستقل حل تلاش کرناہے ،کوئٹہ کے سول ہسپتال میں پیش آنیوالا واقعہ بہت بڑا سانحہ ہے جس کیخلاف فوری قوم کو متحد ہوناہوگا ۔

وہ جمعہ کے روز بلوچستان ہائی کورٹ میں وکلاء رہنماؤں سے سول ہسپتال کے واقعہ میں شہید وکلاء کی فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا نمائندوں سے بات چیت کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پارٹی کے صوبائی اراکین کیساتھ وہ وکلاء سے اظہار یکجہتی وہمدردی کیلئے وہ ہائی کورٹ آئے ہیں ہم شہید وکلاء ،صحافیوں اور سول سوسائٹی کے افراد کیساتھ تعزیت کااظہار کرتے ہیں ،کوئٹہ کے سول ہسپتال میں پیش آنے والاواقعہ بہت بڑا سانحہ ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے انہوں نے کہاکہ ہمیں معاملات کو اس زوایے سے دیکھناچاہئے کہ کیا ہر دفعہ اس طرح کے سانحات کے بعد ہی ہم اکھٹے ہونگے اور ہم معاملات کو ری وزٹ کرینگے یا دہشت گردی کے مسئلے پر بھرپور توجہ دینگے جب تک دہشت گردی کے مسئلے پر مکمل توجہ نہیں دی جاتی اس وقت تک یہ مسئلہ حل نہیں ہوگا انہوں نے کہاکہ کچھ دنوں تک افسوسناک واقعات تھم جانے کایہ مطلب نہیں ہوتا کہ ہم امن وامان کی صورتحال بہتر ہوگئی ہے امن وامان کانفاذ اتنی آسانی سے ممکن نہیں بنایاجاسکتاہے انہوں نے کہاکہ سیاسی جماعتوں ،پارلیمنٹ اور عدلیہ سمیت سب کو امن وامان کے نفاذ کیلئے کرداراداکرناہوگا ،نیشنل ایکشن پلان میں شامل 20نکات ہے جس پر پیش رفت کی ضرورت ہے ،اگر پلان پر فوری طرح عملدرآمد ہوتا تو آج ہمیں لاشیں نہ اٹھانا پڑتی دہشت گرد آسان اہداف وکلاء ،طلباء ،اساتذہ اور دیگر کو نشانہ بنارہے ہیں ،حکومت کو اس سلسلے میں موثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے انہوں نے کہاکہ آرمی پبلک سکول پر حملے کے بعد دہشت گردی کے حوالے سے پیش رفت ہونی چاہئے تھی یہی اس مسئلے کا واحد حل ہے ۔