دشمنوں نے حکمت عملی تبدیل کرلی ہے،اب وہ پولیس کے بعد فوج ،ایف سی و دیگر اداروں پر حملے کررہے ہیں ،سینیٹر رحمن ملک

جمعہ 12 اگست 2016 16:50

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اگست ۔2016ء) سابق وفاقی وزیر داخلہ و پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و سینیٹر رحمن ملک نے کہا ہے کہ دشمنوں نے حکمت عملی تبدیل کرلی ہے اب وہ پولیس کے بعد فوج ،ایف سی اور دیگر اداروں پر حملے کررہے ہیں ،دشمن نے جنگ کا اعلان کردیا ہے مگر ہم کسی صورت ان سے ڈرنے والے نہیں ہیں انشاء اللہ ملک کاہرصورت دفاع کریں گے۔

یہ بات انہوں نے خود کش دھماکے میں شہید ہونے والے کیمرہ مین شہزاد خان اور محمود خان کی روح کے ایصال ثواب کیلئے کوئٹہ پریس کلب میں فاتحہ خوانی کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کی صوبائی کوارڈی نیشن کمیٹی کے ممبران حاجی علی مدد جتک اور سردار سربلند جوگیزئی سمیت دیگر پیپلز پارٹی کے رہنما بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

رحمن ملک نے کہا کہ میں نے کوئٹہ میں گورنر بلوچستان ،وزیراعلیٰ بلوچستان سے بھی ملاقات کی ہے اور میری خواہش ہے کہ صحافیوں کیلئے ایک ٹرسٹ بنایا جائے تاکہ انکی مدد ہوسکے مجھے معلوم ہے کہ انکی تنخواہیں بہت کم ہیں صحافی اپنی مشکلات بتائیں میں سینٹ میں اس بارے میں انکے لئے آواز اٹھاؤں گا اور بل پیش کروں گا میری تجویز ہے کہ 50لاکھ روپے سے صحافیوں کیلئے ٹرسٹ بنایا جائے جس میں پیپلزپارٹی بھی آپ لوگوں کے ساتھ تعاون کریگی میں اس سلسلے میں صوبائی حکومت ،پیپلزپارٹی کی مرکزی قیادت سے بات کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ میں آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی ہدایت پرآپ سے تعزیت کیلئے آیا ہوں مجھے صحافیوں کی ُمشکلات کا احساس ہے ۔انہوں نے کہا کہ جس طر ح ایم پی ایز اور وزراء کو حکومت سیکورٹی فراہم کرتی ہے اسی طرح صحافیوں کو بھی سیکورٹی فراہم کی جائے جو حکومت وقت کی ذمہ داری ہے کیونکہ صحافی اپنی جان پر کھیل کر عوام کی خدمت کرتے ہیں اس لئے ضروری ہے کہ انہیں مکمل تحفظ فراہم کیا جائے ۔

رحمن ملک نے کہاکہ میں خود بھی جرنلسٹ ہوں مجھے صحافیوں کے مسائل کے بارے میں معلوم ہے میں آپ لوگوں کو یقین دلاتا ہوں کہ مشکل کی اس گھڑی میں پیپلزپارٹی صحافیوں کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمار ا دشمن بہت چالاک ہے اس نے حکمت عملی تبدیل کرلی ہے پہلے اس نے منصوبے کے تحت بلوچستان بار ایسوسی ایشن کے صدر کو ٹارگٹ کلنگ میں شہید کیا اسکے بعد انہوں نے ہسپتال انکی میت لینے کیلئے آنے والے وکلاء ،صحافیوں پر خود کش حملہ کیا جس میں کئی قیمتی جانیں ضیاع ہوئیں اب وقت آگیا ہے کہ ہم اپنے اختلافات بھلاکر ملکر کام کرے ہمارے کسی سے ذاتی اختلافات نہیں ہیں جب تک متحد ہوکر دشمن کے خلاف کارروائی نہیں کریں گے دشمن ہمیں مارتا رہے گا میں سب سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ملکر صحافی برادری ،وکلاء اور سول سوسائٹی کو تحفظ فراہم کریں ۔

پریس کلب کے صدر شہزادہ ذوالفقار اور بی یو جے کے صدر حماد سیاپاد نے رحمن ملک اور پیپلز پارٹی کی صوبائی کمیٹی کے ممبران حاجی علی مدد جتک ،سردار سربلند جوگیزئی اور دیگر کا صحافیوں سے اظہار یکجہتی کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :