بابا فرید الدین مسعود گنج شکر کے 774ویں سالانہ عرس کے سلسلہ میں تمام انتظامات ،سیکورٹی کو فول پروف بنا یا جائے ،نوازش علی

جمعہ 12 اگست 2016 16:52

پاکپتن ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اگست ۔2016ء)حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکر کے 774ویں سالانہ عرس کے سلسلہ میں تمام انتظامات خصوصاسیکورٹی کو فول پروف بنا یا جائے ،حکومتی ہدایات کی مطابق تمام انتظامات کرتے ہوئے شہریوں اور زائرین کی سہولیات کو اولین ترجیح دی جائے ،عرس کے ایام میں شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سیکورٹی سمیت ٹریفک کے روانی کیلئے جامع پلان تشکیل دیا جائے ان خیالات کا اظہار صوبائی سیکرٹری اوقاف نوازش علی نے درگاہ بابا فرید پر منعقدہ انتظامی امور سے متعلقہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اس مو قع پر ان کے ہمراہ کمشنر ساہیوال بابر حیات تارڑ ،ریجنل پولیس آفسیر طارق رستم چوہان سمیت ڈی سی او عرفان احمد سندھو ،کوارڈنینٹر اوقاف حبیب اللہ بھٹی ،دیوان عظمت سید محمد چشتی، اے ڈی سی عارف عمر عزیز ، اے سی اشفاق الرحمن ،ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر سراج الدین ،ڈی ایس پی شاہدہ نورین ،ڈی ایس پی ظہیر لودھی ،ٹی ایم او ملک جاوید اسلم ،ایڈمنسٹرٹیر اوقاف چوہدری طاہر ،مینجر گوہر مصطفی سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران شریک تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کمشنر ساہیوال بابر حیات تارڑ نے کہاکہ عرس کے سلسلہ میں کیے جانیوالے تمام انتظامات اس امر کو مدنظر رکھ کر کیے جائیں کہ مقامی شہریوں اور زائرین کی کسی قسم مشکلات درپیش نہ ہوں ،عرس تقریبات کی ادائیگی کے دوران خصوصا بہشتی دروازہ کھولنے کے اوقات میں نظم و ضبط برقرار رکھنے کیلئے تمام محکمہ جات بھاری ذمہ دار ی عائد ہوتی ہے جس کو نمٹانے کیلئے ہر محکمہ اپنے دائر ہ کار میں موثر کردار ادا کرے تاہم ملک میں حالیہ دہشت گردی اور سیکورٹی معاملات کے پیش نظر خصوصی اقدامات اور توجہ کی ضرورت ہے ،آرپی او طارق رستم چوہان نے اس موقع پر اجلاس کو عرس کے دوران سیکورٹی سمیت ٹریفک پلان ،مختلف چیک پوسٹوں کا قیام ،ڈیوٹی پاسز کی فراہمی ،وی آئی پیز کیلئے کئے جانیوالے اقدامات ،ٹریفک سائن بورڈ کی تنصیب بارے سخت ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ اس معاملہ میں کسی بھی قسم کی کوتاہی نا قابل برادشت ہوگی تما م امور کو احسن انداز سے انجام دیا جائے تاکہ عرس بابا فرید پر کسی با ناگہانی صورتحال سے بچا جاسکے ۔

اجلاس کو ڈی سی او عرفان احمد سندھو نے عرس پلان بارے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ سالو ں کی رپورٹس اور انتظامات کے پیش نظر امسال زائرین کو بہتر سے بہترین سہولیات دینے کیلئے جامع پلان مرتب کر لیا گیا ہے ضلعی حکومت کے تمام ادارے شب وروز دوران عرس اپنے فرائض نظم وضبط اور سیکورٹی حالات کے پیش نظر بطریق احسن انجام دینگے۔