اہل پاکستان پاکستانیت کو فروغ دیں،مستحکم و مضبوط جمہوری پاکستان تحریک آزاد ی کشمیر کی کامیابی کا ضامن ہے ،راجہ محمد فارو ق حیدر

جمعہ 12 اگست 2016 16:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اگست ۔2016ء) وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فارو ق حیدر خان نے کہا ہے کہ اہل پاکستان پاکستانیت کو فروغ دیں،مستحکم اور مضبوط جمہوری پاکستان تحریک آزاد ی کشمیر کی کامیابی کا ضامن ہے ۔پاکستان اہل کشمیر کی منزل ہے ،آج مقبوضہ کشمیر کے گلی کوچوں میں کشمیری بھارتی سنگینوں تلے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا رہے ہیں اور اپنے سینوں پر گولیاں کھاتے ہوئے جگہ جگہ پاکستانی پرچم لہرا رہے ہیں۔

دنیا بھر میں آباد پاکستانی 14اگست کو یوم آزادی پاکستان پورے جوش و خروش سے مناتے ہیں جبکہ بھارت کے یوم آزادی 15 اگست کو اہل کشمیر یوم سیاہ مناتے ہیں ۔15اگست کو آزاد کشمیر کے تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں یوم سیاہ منایا جائے گااور جلسے جلوس اور ریلیاں منعقد کر کے اقوام عالم کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر توجہ دلائی جائے گی ۔

(جاری ہے)

بیرون ممالک میں مقیم کشمیری پندرہ اگست کو بھرپور طریقے سے یوم سیاہ منائیں اور مہذب دنیا کو بھارت کا اصل روپ دکھا دیں جس نے ماسک میں اپنا مکروہ چہرا چھپا رکھا ہے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کا قتل عام شروع کر رکھا ہے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت انسانیت کا قاتل ہے ۔امن پسند دنیا بھارت کو انسانیت کے قتل عام سے باز رکھے ۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر یہاں کشمیر ہاؤس میں گجرانوالہ سے آزاد کشمیر اسمبلی کے رکن چوہدری محمد اسماعیل اور جہلم سے مسلم لیگی رہنماؤں شاہین ڈار ،عامر سلیم میر ،ملک توقیر احمد اور پاکستان سے آئے مہاجرین جموں وکشمیر کے مختلف وفود سے بات چیت کررہے تھے ۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے بھارت کے غیر قانونی قبضے کو مسترد کر رکھا ہے اور بھارت کے غیر قانونی تسلط کے خاتمے کیلئے جو جدوجہد جاری رکھی ہوئی ہے اس میں چھ لاکھ سے زائد کشمیریوں کا لہو اور کشمیریوں کی تین نسلوں کی قربانیاں شامل ہیں۔کشمیر یوں کی ان لازوال قربانیوں نے کشمیر ایشو کو دنیا کا فلش پوائنٹ بنا دیا ہے ،کشمیر ی شہدا ء یہ لہو رنگ لا رہا ہے ،بھارت اب اس تحریک کا راستہ نہیں روک سکتا۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے اس موقع پر انٹرینشنل کمیونٹی سے اپیل کی کہ وہ کشمیر ایشو کے حوالہ سے مجرمانہ غفلت ترک کرے اور کشمیر ایشو کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کر ے ۔ دریں اثناء میرپور ،کوٹلی اور سدھنوتی کے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کے شکر گزار ہیں جنہوں نے وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف کے ویژن کے مطابق مسلم لیگ ن کو تاریخ ساز کامیابی دلائی ۔

آزاد کشمیر کے عوام سے وعدہ ہے کہ آزاد کشمیر میں میاں نواز شریف کے ویژن کو عملی جامع پہنایا جائے گا اور انتخابات میں مسلم لیگ ن نے جو انتخابی منشور دیا تھا اس پر سو فیصدعمل درآمد کیا جائے گا ۔ آزاد کشمیر کے عوام کو ایسا طرز حکومت دیں گے جس سے آزاد کشمیر میں ماضی کی نا انصافیوں کا ازالہ ہو گا ۔آزاد کشمیر میں کرپٹ مافیا کو جڑ سے اکھاڑ دیا جائے گا اور کرپشن میں ملوث کسی کو معاف نہیں کیا جائے گا۔آزاد کشمیر جو تحریک آزادی کا بیس کیمپ ہے یہاں صحیح معنوں میں گڈ کورننس قائم کر کے رہیں گے اور آزاد کشمیر کو فلاحی معاشرے میں بدل دیں گے ۔

متعلقہ عنوان :