آزادی اللہ کی عظیم نعمت ہے، جدوجہد آزادی کی اہمیت بارے شعور اجاگر کرنے کیلئے آزادی ٹرین چلانا مثبت قدم ہے، اقبال ظفرجھگڑا

جمعہ 12 اگست 2016 16:55

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اگست ۔2016ء) آزادی اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے۔ جدوجہد آزادی کی اہمیت کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کیلئے آزادی ٹرین چلانا ایک مثبت قدم ہے۔ جشن آزادی کے موقع پر آزادی ٹرین جیسے بہترین انتظامات قابل ستائش ہیں۔ ان خیالات کا اظہار گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نے آزادی ٹرین کی پشاور ریلوے سٹیشن سے الوداعی تقریب کے موقع پر ایک پروقار تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔

اس موقع پر سپیکر صوبائی اسمبلی آسد قیصر کے علاوہ اعلیٰ سرکاری حکام اور عوام کی ایک کثیر تعداد موجود تھی۔ گورنر نے سانحہ کوئٹہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقعہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ لیکن پاکستانی قوم کوئٹہ کے عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

(جاری ہے)

اور ہم سب آج اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ دفاع پاکستان کی خاطر ہم کسی قربانی سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی طرف سے دی گئی ایک عظیم نعمت ہے آزاد قوم ہونے پر ہم اللہ تعالی ٰ کا جتنا شکر ادا کرے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزدی کی قدر ومنزلت کا صحیح ادارک ہمارے ان آباء و اجداد کو ہے جنہوں نے آزادی کی تحریک میں حصہ لیا اور تن من دھن کی قربانیاں دیں۔ آج کے تقریب کا مقصد آزادی کے ان ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے جنہوں نے اپنا آج ہمارے کل کے لئے قربان کیا۔

گورنر نے کہا کہ الحمداللہ آج ہم ایک آزاد ملک میں رہ رہے ہیں۔لیکن ہمارا فرض آزادی کے حصول پر ختم نہیں ہوا۔ بحیثیت قوم آج کے حالات ہم سے انتہائی یکجہتی ، اتحادو اتفاق، حب الوطنی اور انتہائی دوراندیشی کا تقاضا کرتے ہیں۔ لہذا ہر پاکستانی پر فرض ہے کہ وہ پاکستان کی ترقی اور تحفظ میں اپنے حصے کا کردار بھرپور طریقے سے ادا کرے اور ایک زندہ قوم کا ثبوت دیں۔

متعلقہ عنوان :