پاکستان اور جاپان کا دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق

جاپان اور آسٹریلیا کے سفیروں کی وزیر داخلہ چوہدری نثار سے الگ الگ ملاقاتیں ، کوئٹہ واقعہ کی مذمت اور قیمتی جانوں کے زیاں پر اظہارافسوس …… تاکاشی کورائی کی خطے میں امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کی تعریف پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان انسداد منشیات، انسانی سمگلنگ کی روک تھام اور موثر بارڈر مینجمنٹ کے سلسلے میں ایک دوسرے کے تجربات کی ضرورت ہے، چوہدر ی نثار

جمعہ 12 اگست 2016 19:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 اگست ۔2016ء ) پاکستان اور جاپان نے دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیاہے ۔ یہ اتفا ق جمعہ کو وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور سے جاپان کے سفیر تاکاشی کورائی کے درمیان ملاقات میں کیاگیا ۔ وزیر داخلہ سے آسٹریلین ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن نے بھی الگ ملاقات کی جس میں دونوں ملکوں سے پاکستان کے دو طرفہ تعلقات اور مختلف امور میں جاری باہمی تعاون پر بات چیت کی گئی ۔

ملاقات میں دونوں سفیروں کی جانب سے کوئٹہ واقعہ کی بھرپور مذمت اور قیمتی جانوں کے زیاں پر گہرے رنج و غم کا اظہارکیاگیا ۔اس دوران جاپانی سفیر تاکاشی کورائی نے کہاکہ جاپان دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پاکستانی عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو قدر کی نگا ہ سے دیکھتا ہے اور خطے میں امن کے لئے پاکستانی کوششوں کو سراہتا ہے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں پاک-جاپان دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیاگیا ۔اس دورا ن وزیرِداخلہ نے کہاکہ سیکیورٹی، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی استعدادِ کار بڑھانے اور دونوں ملکوں کے مابین انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے کا موثر نظام رائج کرنے کے حوالے سے مزید کوششوں اور اقدامات کی ضرورت ہے،جاپان نے ہمیشہ پاکستان کی بے لوث مدد اور تعاون کیا ہے ۔وزیرِداخلہ نے آسٹریلین ہائی کمشنر سے گفتگو میں کہاکہ پاکستان آسٹریلیا سے اپنے دوستانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، انسداد منشیات، انسانی سمگلنگ کی روک تھام، موثر بارڈر مینجمنٹ اور سول اداروں کی استعدادِ کار بڑھانے کے سلسلے میں ایک دوسرے کے تجربات اورصلاحیتوں سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔