چٹانی علاقوں میں پائی جانے والی معدنی دھاتوں کی نشاندہی کیلئے سروے اور کھدائی کی جارہی ہے ‘چوہدری شیر علی

معدنی ذخائر کے حوالے سے درست مقامات اور گنجائش پر مبنی تمام تفصیلات کے حصول کیلئے مختلف زونز میں کام ہو رہا ہے ‘صوبائی وزیر معدنیات

جمعہ 12 اگست 2016 19:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اگست ۔2016ء ) صوبائی وزیر معدنیات و کان کنی چوہدری شیر علی خان نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب سرگودھا ، چنیوٹ ،لاہور، قصور اور ننکانہ صاحب کے اضلاع میں چٹانی علاقوں میں پائی جانے والی معدنی دھاتوں کی نشاندہی کے لئے جیولاجیکل سروے آف پاکستان کے تعاون سے سروے اور کھدائی کے کام کو تیزی سے مکمل کر رہی ہے یہ منصوبہ اگلے سال مکمل ہو گا -انہوں نے یہ بات اس حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں محکمہ معدنیات و کان کنی کے اعلی افسران نے شرکت کی -وزیر معدنیات چوہدری شیر علی خان نے کہا کہ معدنی ذخائر کے حوالے سے درست مقامات اور گنجائش پر مبنی تمام تفصیلات کے حصول کے لئے مختلف زونز میں کام ہو رہا ہے ۔

(جاری ہے)

منصوبے کا مقصد خام لوہے سمیت مختلف دھاتوں سے متعلقہ صنعتی شعبے کے لئے مستقبل کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے قیمتی معدنی ذخائر کی نشاندہی ہے جس کے لئے 16 ہزار مربع کلو میٹر سے زائد علاقے کا میگنیٹک سروے مکمل ہو چکا ہے جبکہ تفصیلی میگنیٹک ،گریوٹی و مربوط جیو فزیکل سروے بھی تیزی سے جاری ہے -چوہدری شیر علی خان نے کہا کہ منصوبے کی پیش رفت کے حوالے سے سروے کے ابتدائی نتائج انتہائی حوصلہ افزاء ہیں جس کے مطابق 32 مختلف معدنیات کی موجودگی کی نشاندہی ہو چکی ہے -انہوں نے بتایا کہ 800 ملین ڈالر کی مجموعی لاگت سے سالٹ رینج کے علاقے میں دو مرحلوں میں کول فائر ڈ پاور پلانٹ کے قیام اور کوئلہ کی کان کنی کا منصوبہ پنڈ دادنخان جہلم اور چواں سیدن شاہ میں تیزی سے جاری ہے چینی کمپنی مقامی کوئلہ کی جدید طریقوں سے مائنگ کرے گی اور اس کوئلہ کو پاور پلانٹ سے بجلی کی پیداوار میں استعمال میں لایا جائے گا - یہ منصوبہ مارچ 2018 تک مکمل ہو گا -چوہدری شیر علی خان نے بتایا کہ مختلف تجزیوں اور معلومات کے مطابق ضلع میانوالی میں کالا باغ کے مقام پر 300ملین ٹن خام لوہے کے ذخائر موجود ہیں حکومت پنجاب نے مقابلہ جاتی بڈنگ کے ذریعے بین الاقوامی شہرت یافتہ کمپنی کو اس مقام سے خام لوہے کی مائنگ اور اسے پگھلا کر سٹیل کی پیداوار کے قابل بنانے کے حوالے سے منصوبے کے قابل عمل ہونے کے حوالے سے کام سونپا ہے جس کے نتائج مثبت برآمد ہونے کی امید ہے -

متعلقہ عنوان :