عوامی تحریک کا 20 اگست کو احتجاج ، 16 انتظامی کمیٹیاں تشکیل دیدی گئیں، تیاریاں شروع

عوامی رابطہ مہم کیلئے 25 پی پی کوآرڈینیٹر مقرر،تاجروں کے حقوق کی جنگ لڑرہے ہیں،20 اگست کے احتجاج میں تاجر برادری شرکت کریگی پاکستان کی67 سالہ تاریخ میں عوام پر ایسا تاریک وقت کبھی نہیں آیا جو آج ہے،ظالم حکمرانوں کے خلاف پوری قوم کو صف آراء ہونا ہو گا احمد نواز انجم،افضل گجر، حافظ غلام فرید و دیگر کا اجلاس سے خطاب

جمعہ 12 اگست 2016 19:34

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اگست ۔2016ء) عوامی تحریک کے زیر اہتمام 20 اگست کو ملک کے 100 بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے ہونگے اور دھرنے دئیے جائینگے،عوامی حریک لاہور 20 اگست کو تحریک قصاص و احتساب کے سلسلے میں قاتل و کرپٹ حکمرانوں کے خلاف لاہور مال روڈ پر تاریخی احتجاج کرے گی اور دھرنا دے گی،16 انتظامی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں ،عوامی رابطہ مہم کیلئے 25 پی پی کوآرڈینیٹرز مقرر کر دئیے گئے۔

مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں عوامی تحریک کے مرکزی رہنما اور لاہور کے احتجاجی دھرنے کے انچارج احمد نواز انجم کی زیر صدارت ہونیوالے اجلاس میں 20 اگست 2016کے احتجاجی دھرنے اور مظاہرے کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔عوامی تحریک اور منہاج القرآن لاہور کے اجلاس میں صدر عوامی تحریک لاہور چودھری افضل گجر، منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید، اشتیاق حنیف مغل،جواد حامد،ارشاد طاہر، پروفیسر ذوالفقار،نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ، بشیر خان لودھی، فرزند مشہدی ایڈووکیٹ، حافظ صفدر علی، ساجد اصغر،میاں افتخار، صائمہ ایوب، حافظ وقار قادری،ثمرین بی بی،زوہیب فاروق ،منصور احمد، ملک یاسین و دیگر کی شرکت۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے احمد نواز انجم نے کہا کہ 20 اگست کو ملک کے دیگر شہروں کی طرح لاہور میں بھی تاریخی عوامی اجتماع ہو گا ملک کی تمام ہم خیال سیاسی،مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں کے ساتھ ساتھ وکلاء، طلباء ،مزدور، کسان ،اساتذہ و تاجر رہنما احتجاج میں بھرپور شرکت کرینگے۔اہم سیاسی رہنماؤں کو 20 اگست کے دھرنوں میں شرکت کیلئے دعوت نامے جاری کر دئیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ قاتل عوام دشمن اور کرپٹ حکمرانوں کی رخصتی میں لاہور کے غیور عوام کلیدی کردار ادا کرینگے۔20 اگست کو لاہور کی شاہراہیں گواہی دیں گی کہ ان حکمرانوں کا جانا ٹھہر گیا ہے۔احمد نواز انجم نے کہا کہ ان ظالم حکمرانوں نے نام نہاد ترقیاتی منصوبوں کے نام پر ہزاروں دکانیں، مارکیٹیں مسمار کر کے اور جعلی ٹیکس لگا کر تاجروں کا معاشی قتل کیا ہے۔

عوامی تحریک تاجروں کے حقوق کی جنگ لڑرہی ہے۔20 اگست کے احتجاج میں لاہور کی تاجر برادری کو بھی شرکت کی دعوت دے رہے ہیں۔تحریک منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ پوری قوم متحد ہو کر جعلی اور غیر آئینی حکمرانوں سے اپنا حق واپس چھین لے۔پاکستان کی 67 سالہ تاریخ میں عوام پر ایسا تاریک وقت کبھی نہیں آیا جو آج ہے لاہور کے عوام کو تحریک قصاص و احتساب کی میزبانی کا حق ادا کرنا ہو گا۔

20 اگست کو عوام کی بھرپور شرکت اور جدوجہد سے انقلاب کا سویرا جلد طلوع ہو گا۔عوامی تحریک لاہور کے صدر چودھری افضل گجر نے کہا کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کا قصاص لیا جائیگا۔ ظالم حکمرانوں کے خلاف پوری قوم کو صف آراء ہونا ہو گا۔عوامی تحریک تحریک لاہور کی رہنما صائمہ ایوب نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں نہتے مرد و خواتین پر ہونے والی بربریت کو دیکھ کر خواتین کو موجودہ قاتل حکمرانوں سے نفرت ہو گئی ہے اور وہ ان کرپٹ جھوٹے اور بے ضمیر حکمرانوں سے نجات کیلئے تیزی سے عوامی تحریک میں شامل ہو رہی ہیں۔

20 اگست کو خواتین کی بڑی تعداد احتجاجی دھرنے میں شرکت کرے گی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 20 اگست کے مظاہرے کیلئے بھرپور مشاورت جار ی رہے گی ۔روزانہ کی بنیاد پر یو سی ،ٹاؤن اور پی پی سطح پر رپورٹ لے کر مرکزی کمیٹی کو دی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :