پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام آزادی واک کاانعقاد

پاکستانی قوم ملک دشمن عناصر کے خلاف متحد ہے، قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد کمال

جمعہ 12 اگست 2016 19:34

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اگست ۔2016ء) قائم مقام وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شاہد کمال نے کہا ہے کہ پوری پاکستانی قوم ملک دشمنوں کے خلاف متحد ہے اوراسے تقسیم کرنے کی سازشیں کرنے والوں کے ارادے کبھی پورے نہیں ہوں گے۔وہ پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام یوم آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں انڈر گریجوئیٹ بلاک سے انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ تک منعقدہ آزادی واک میں میڈیا سے بات کر رہے تھے۔

اس موقع پر رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر لیاقت علی ، اقامتی آفیسر اول و صدر اکیڈمک سٹاف ایسو سی ایشن پروفیسر ڈاکٹر ساجد رشید احمد،نائب صدرپروفیسر ڈاکٹر عابد حسین چوہدری ، سیکریٹری ڈاکٹر محبوب حسین ، اقامتی آفیسر دوم ملک محمدظہیر سمیت سینئر فیکلٹی و انتظامی عہدیداران ، طلبہ اور ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اپنے پیغام میں ڈاکٹر شاہد کما ل نے کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی او دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے ضروری ہے کہ ملک میں تعلیم کو عام کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ قرآن و حدیث میں متعدد بار ہر مرد اور عورت پر تعلیم حاصل کرنے پر زور دیا گیا ہے۔ رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر لیاقت علی نے کہاکہ ہم ایک بہادر قوم ہیں اور ہمارے حوصلے بم دھماکوں سے پسپا نہیں کئے جا سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام واک کا مقصد ملک دشمن عناصر کو واضح پیغام دینا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اساتذہ ، ملازمین و طلبہ سمیت پوری پاکستانی قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔