Live Updates

تحریک انصاف راولپنڈی سے اسلام آباد تک احتساب ریلی ضرور نکالے گی ‘صمصام بخاری

پولیس اور انتظامیہ تحریک انصاف کی ریلی کے لئے جانے والی گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ کو فوری بندکرے

جمعہ 12 اگست 2016 19:34

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اگست ۔2016ء ) پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے سیکرٹری انفارمیشن صمصام بخاری نے کہاہے کہ تحریک انصاف راولپنڈی سے اسلام آباد تک احتساب ریلی ضرور نکالے گی اور یہ تحریک انصاف کا جمہوری حق بھی ہے ، تحریک انصاف حکومت کو پانامہ لیکس پر جواب دینے پر مجبور کرے گی ،انہوں نے کہاکہ تحریک احتساب ریلی میں راولپنڈی اور اسلام آباد کی عوام بھرپور شرکت کرے گی اور عوام کا سمندر وزیراعظم اور ان کے حواریوں کی نیندیں حرام کردے گا، صمصا م بخاری نے کہاکہ راولپنڈی اور اسلام آباد کی انتظامیہ تحریک انصاف کے کارکنوں ہراساں کرنے سے باز رہے اور ریلی میں رکاوٹیں نہ ڈالے ، اگر پولیس اور انتظامیہ نے اپنا رویہ ترک نہ کیا تو ان کے خلاف بھی احتجاج کریں گے ، انہوں نے کہاکہ پولیس اور انتظامیہ تحریک انصاف کی ریلی کے لئے جانے والی گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ کو فوری بندکرے ، انہوں نے کہاکہ پولیس اور انتظامیہ بھی (ن) لیگ کی ذاتی ملازم بن گئی ہے اوراوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے ، صمصام بخاری نے کہاکہ (ن) لیگ کو یاد رکھنا چاہئے کہ اقتدار کسی کی ذاتی جاگیر نہیں ہوتی اور وقت کے ساتھ قیادت بھی بدلتی رہی ہے ، تحریک انصاف ایسے لوگوں کوکبھی معاف نہیں کرے گی جومعصوم اور نہتے شہریوں پر ظلم کرتے ہیں اور قانون کا غلط استعمال کرتے ہیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات