آزادی بڑی نعمت ہے،اہمیت کا اندازہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم سے لگایا جا سکتا ہے‘ مسلم لیگ (ن)

سی پیک اورمیٹرو اورنج ٹرین جیسے منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان ایک گیم چینجر کی حیثیت اختیار کر جائیگا‘پرویز ملک ،ریاض ملک، اور خواجہ عمران نذیر کا شاہدرہ ودیگر علاقوں میں آزادی کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب

جمعہ 12 اگست 2016 19:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اگست ۔2016ء ) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے زیر اہتمام 14اگست یوم آزادی کے حوالے سے تین روزہ تقریبات کا آغاز لاہور کے مختلف علاقوں میں آزادی کیک کاٹے گئے،تقریبات شاہدرہ،جوہر ٹاؤن و دیگر علاقوں میں منعقد کی گئیں ۔ تقریبات میں علاقے کے چیئر مین شاہد چندہ،شاہد نصیر جٹ،، عباس جٹ شیخ کاشف، ذوالفقار شاہ محمد آصف ،بھولہ ڈوگر،وائس چیئر مین، کونسلرز اورکوآڈینیٹر سمیت خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر محمد پرویز ملک اور خواجہ عمران نذیرنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی اﷲ تعالی کی بہت بڑی نعمت ہے،اس کی اہمیت کا اندازہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم سے لگایا جا سکتا ہے، نوجوان نسل بانی پاکستان قائد اعظم کے نقش قدم پر چلتے ہوئے آزادی کے تحفظ کے لئے کسی قربانی سے گریز نہ کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نے پاکستان بنایا تھا اور پاکستان مسلم لیگ ن ہی اب اس کے تحفظ کے لئے بھر پور محنت اور جدو جہد کررہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نو جوان نسل کو پاکستان کے اغراض مقاصد کے حوالے سے آگاہی دینا ہو گی اور انہیں بتانا ہو گا کہ پاکستان کے حصول کے لئے ہمارے بڑوں نے کس قدر قربانیاں دیں، اور اب اس کے تحفظ کے لئے نئی نسل کی کیا ذمہ داریاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) ہی واحد جماعت ہے جو ملک کو معاشی لحاظ سے ایک مضبوط ملک بنا سکتی ہے جس کی زندہ مثال سی پیک پراجیکٹ اورمیٹرو اورنج ٹرین جیسے زیر تعمیر منصوبے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان ایک گیم چینجر کی حیثیت اختیار کر جائے گا۔جس سے ملک سے بے روز گاری کے خاتمے میں مدد لے گی۔