والڈسٹی اتھارٹی تانگہ ٹورازم کا آغاز 14اگست سے کریگی

سیاحت کے فروغ کیلئے لاہور کے روایتی ثقافتی حسن کو اجاگر کر رہے ہیں ‘’ ترجمان تانیہ قریشی

جمعہ 12 اگست 2016 19:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اگست ۔2016ء ) والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی تانگہ ٹورازم کا آغاز 14اگست کو کرے گی۔سیاحوں کیلئے یہ تانگے اندرون شہر میں مختلف راستوں پر چلائے جائیں گے۔والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کی ترجمان تانیہ قریشی کا کہنا تھا کہ سیاحت کو فروغ دینے کے لئے یہ تانگے چلائے جا رہے ہیں۔تانگے روایتی ثقافتی انداز میں سجے ہوں گے جبکہ تانگے کے ساتھ کوچوان اوراتھارٹی کی جانب سے ٹورسٹ گائیڈ بھی ہوگا ۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ تانگہ ٹور شام 7سے رات 12بجے تک فورٹ روڈ فوڈ سٹریٹ سے شروع ہوا کرے گا ۔ٹیکسالی، بھاٹی، پانی والا تالاب سمیت لاہور کے 12دروازوں کی سیر اس تانگے پر کی جا سکتی ہے۔تانیہ قریشی نے مزید بتایا کہ رنگیلا رکشہ کے بعد تانگہ ٹورازم کو متعارف کروانے کی بڑی وجہ پرانے لاہور کے ثقافتی اور روایتی حسن کو اجاگر کرنا ہے۔ اندرون لاہور میں سیاحوں کی تعداد میں آئے روز اضافہ ہوتا جا رہا ہے جس کے باعث والڈ سٹی اتھارٹی اس قسم کی سرگرمیاں کروا رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :