میاں منظور احمد وٹو کی دبئی میں سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات ، ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال

سابق تنظیموں کو ختم کر کے پارٹی کو جدید خطوط پر چلانے کے چیئرمین فیصلے کر رہے ہیں‘میاں منظور احمد وٹو

جمعہ 12 اگست 2016 20:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اگست ۔2016ء ) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما میاں منظور احمد وٹو نے دبئی میں سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری سے ملاقات کی ۔ملاقات میں ملکی سیاسی صورت حال، پارٹی امور کا جائزہ، پانامہ لیکس کے حوالے سے صورتحال اور اس حوالے سے پارلیمانی کمیٹی کا کردار اور نیشنل ایکشن پلان پر تفصیلی گفتگو کی گئی یاد رہے کہ اس حوالے سے میاں منظور احمد وٹو اس سے پہلے بھی تفصیلی گفتگو کر چکے ہیں۔

میاں منظور احمد وٹو نے ملاقات کے حوالے سے بتایا کہ سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری ملک کے سیاسی، معاشی، دہشت گردی اور کسانوں کے معاملات میں بہتری کیلئے گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور ان کی خواہش ہے پاکستان کے حالات میں بہتری آئے بعد ازاں پاکستان پیپلز پارٹی خلیج کے صدر میاں منیر ہانس مقامی ہوٹل میں میاں منظور احمد وٹو کے اعزاز میں عشائیہ دیا جس میں وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر کے سابق مشیر سردار جاوید یعقوب، میاں افتخار احمد خان اور سابق وزیر مملکت و ممبر قومی اسمبلی شگفتہ جمال کے علاوہ دیگر ذمہ داران کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میاں منظور احمد وٹو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پارٹی کے لئے بہت سی اچھی خبریں ہیں اس وقت پارٹی کی قیادت نوجوان لیڈر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہاتھوں میں ہے بلاول بھٹو زرداری نے مفاہمت کا راستہ جس سے پارٹی کو بہت نقصان ہو رہا تھاترک کر دیا ہے اور حکومت کے عوام دشمن اقدامات کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا عزم کر لیا ہے۔

سابق تنظیموں کو ختم کر کے پارٹی کو جدید خطوط پر چلانے کے چیئرمین فیصلے کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے اندر کئی معاملات پریشانی کا سبب ہیں جن کی وجہ سے ملک اندر رہنے والی اور بیرون ملک پاکستانی کو مسائل سے دوچار کرتے ہیں۔ اس میں دہشت گردی سرفہرست ہے جس کے خاتمے کے لئے نیشنل ایکشن پلان تشکیل دیا گیااور تمام سیاسی جماعتوں نے حکومت کو غیر مشروط مینڈیٹ دیا کہ وہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کرے۔

انہوں نے فوج کے سپہ سالار کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ میں جنرل راحیل شریف اور ان کے خاندان کو ذاتی طور پر جانتا ہوں یہ خاندان ایسا کوئی کام نہیں کرے گا جس سے ملک و قوم کے مفادات کو نقصان پہنچتا ہو سپہ سالار نے دہشت گردی کے خاتمہ اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدآمد کے ہلئے قابل تحسین اقدامات کئے ہیں۔ مسلح فوج، رینجرز، پولیس اور سیکورٹی اداروں نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے جو قربانیاں دی ہیں پوری دنیا کو چاہیے کہ اُن کو سراہاجائے میاں منظور احمد وٹو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ باوجود اس کے کہ وزیر اعظم اور اُن کا خاندان 20-25 سال سے اقتدار میں ہیں وہ باہر سے سرمایہ کاری کی ترغیب دیتے اور بیرونی سرمایہ ملک کے اندر لاتے انہوں نے ملکی سرمایہ باہر منتقل کر کے عوام کو مایوس کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے اندر رشوت اور کرپشن کے خلاف مہم چلنی چاہیے پانامہ لیکس کا منطقی انجام صرف پیپلز پارٹی یا تحریک انصاف کا نہیں بالکہ 20 کروڑ عوام کا مسئلہ ہے جو حکمرانوں کو مزید کرپشن نہیں کرنے دے گی۔

متعلقہ عنوان :