آج قوم زخمی دل کیساتھ یوم آزادی منارہی ہے ،کوئٹہ سانحہ نے پوری قوم کو رنجیدہ اور دکھی کردیا ہے ،معصوم بچے اغواء ہورہے ہیں،بھارتی دہشت گرد آئے روز ہمارے شہریوں کونشانہ بنارہے ہیں مگر ہمارے حکمران بھارت سے اس قدر خوفزدہ ہیں کہ اس کے خلاف زبان کھولنے کو تیار نہیں

نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس کاجمعہ کے اجتماع سے خطاب

جمعہ 12 اگست 2016 21:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 اگست ۔2016ء ) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ آج قوم یوم آزادی اس حال میں منارہی ہے کہ لوگوں کے دل زخمی ہیں ،کوئٹہ سانحہ نے پوری قوم کو رنجیدہ اور دکھی کردیا ہے ،معصوم بچے اغواء ہورہے ہیں،بھارتی دہشت گرد آئے روز ہمارے شہریوں کونشانہ بنارہے ہیں مگر ہمارے حکمران بھارت سے اس قدر خوفزدہ ہیں کہ اس کے خلاف زبان کھولنے کو تیار نہیں ۔

حکومتیں اور سیکیورٹی ادارے عوام کو جان و مال کا تحفظ دینے میں ناکام ہوچکے ہیں۔پاکستان کی موجودہ گھمبیر صورتحال کو دیکھ کر کوئی یہ تسلیم کرنے کو تیار نہیں کہ اس پاکستان کیلئے لاکھوں جانوں کا نذرانہ دیا گیا ہے اور لاکھوں لوگوں نے اس پاکستان کیلئے اپنے گھر بار اور مال و متاع کو چھوڑ دیا تھا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

حافظ محمد ادریس نے کہا کہ انڈیا پاک چین راہداری منصوبے کو سبو تاژ کرنے کیلئے معصوم شہریوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنارہا ہے ،بھارتی دہشت گردی پورے ملک میں دندناتے پھر رہے ہیں لیکن ہمارے وزیر اعظم کو کبھی یہ توفیق نہیں ہوئی کہ وہ بھارت کے خلاف کوئی جرأت مندانہ بیان ہی دیدیں۔بھارت نے کشمیر میں وحشیانہ مظالم اور درندگی کے تمام ریکارڈ توڑدیئے ہیں،گزشتہ پینتیس دنوں سے کشمیری عوام بھارت کے خلاف سراپااحتجاج ہیں ،بھارتی قابض فوج نے اس عوامی احتجاج کو کچلنے کیلئے وحشت و بربریت کے تمام حربے آزما لئے ہیں لیکن وہ کشمیریوں کے عزم و حوصلے کو شکست نہیں دے سکی جبکہ دوسری طرف ہمارے حکمرانوں نے پاکستان کی خاطر جانیں قربان کرنے والوں کے حق میں کسی عالمی فورم پر آواز اٹھانے کی زحمت بھی گوار ہ نہیں کی ۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے بزدلانہ رویے سے قوم کے سر شرم سے جھک گئے ہیں ۔حافظ محمد ادریس نے کہا کہ پاکستان اﷲ تعالیٰ کا انعام اور ہمارے آباؤ اجداد کی امانت ہے اس کی حفاظت کرنا ہر پاکستانی کا فرض ہے ۔پاکستان اس وقت پاک بنے گا جب یہاں قرآن و سنت کی حکمرانی ہوگی اور دیانتدار اور خوف خدا رکھنے والی قیادت بر سراقتدار آئے گی۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں وسائل کی کمی نہیں اﷲ تعالیٰ نے شاندار موسم،محنتی لوگ ،قدرتی خزانے اور بہترین محل وقوع عطافرمایا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان لا الہ الا اﷲ کی بنیاد پر بنا تھا اور اس کی بقا اور سلامتی اسی کلمہ کے نظام کے نفاذ میں ہے ۔حکمرانوں نے آج تک عوام کے مسائل کی طرف توجہ نہیں دی ۔ حکمرانوں نے اپنا بوجھ بھی عوام کی گردنوں پر لاد دیا ہے ،بجلی کے بے تحاشا بل اور ظالمانہ ٹیکس وصول کرنے والے حکمرانوں نے لوڈ شیڈنگ کے ستائے عوام کو کبھی ریلیف دینے کی طرف دھیان نہیں دیا۔انہوں نے کہا کہ جس اعلیٰ مقصد کیلئے پاکستان حاصل کیا گیا تھا عوام اس مقصد کے حصول کیلئے آگے بڑھیں اور دیانتدار قیادت کے انتخاب کو یقینی بنائیں۔