قوم قیام پاکستان کے شہدا کے لہو کو تاقیامت فراموش نہیں کرسکتی ‘صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن

انڈومنٹ فنڈ اور پوزیشن ہولڈرز کی غیر ملکی دوروں پر روانگی موجودہ حکومت کے شاندار اقدامات ہیں‘ ذکیہ شاہنوازکی گفتگو

جمعہ 12 اگست 2016 21:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 اگست ۔2016ء) صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن بیگم ذکیہ شاہنواز نے کہا ہے کہ قوم قیام پاکستان کے لیے دی جانے قربانیوں اور شہدا کے لہو کو تاقیامت فراموش نہیں کرسکتی ،یوم آزادی اپنے وطن کے ساتھ تجدید عہد وفا کا دن ہے ہم آزادی کا دن قیام پاکستان کی طرح استحکام پاکستان کے لیے کوئٹہ اور سانحہ پشاور کے شہدا کی نذرکرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے یہاں گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین سمن آباد میں ڈویژنل سطح پر بسلسلہ جشن آزادی منعقدہ مشاعرے اور ملی نغموں کے مقابلے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا طالبات کو تاریخ پاکستان اور حصول علم کے بارے میں قائداعظم کے زریں ارشادات کے متعلق آگاہی دی انہوں نے کہا کہ تمام طلباء طالبات اور اساتذہ ہر لمحہ وطن عزیز کی خدمت کے لیے تیار ہیں اور ملک کو ترقی یافتہ اور خوشحال بنانے میں اہم کردار ادا کریں انہوں نے نظریہ پاکستان کی پرداخت میں علی گڑھ کالج کی خدمات کو بطور مثال پیش کیا کہ کسطرح وہاں کے اساتذہ اور طلباء نے قیام پاکستان کے لیے ہر اول دستے کا کام کیا اسی طرح ہمارے سب تعلیمی اداروں کو پاکستان کی تعمیروترقی کے لیے کام کی ضرورت ہے اس سلسلے میں حکومت مکمل طور پر ہائر ایجوکیشن پر فوکس کیے ہوئے ہے طلباء طالبات کے آئی ٹی کی تعلیم کے ذریعے جدید ٹیکنالوجی سے متعارف کرانے میں اہم کردار دکررہی ہے انڈومنٹ فنڈ اور پوزیشن ہولڈرز کی غیر ملکی دوروں پر روانگی موجودہ حکومت کے شاندار اقدامات ہیں۔

(جاری ہے)

بعد ازاں کالج پرنسپل ڈاکٹر رخسانہ ندیم بھٹہ نے یوم آزادی اور کالج اور کالج کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی ۔اس موقع پر پرنسپل رفعت نقوی ،فرحت، منزہ جمیل ، انجم اطہر ، روبینہ منیر ،طالبات اور اساتذہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔

متعلقہ عنوان :