پنجا ب زکوٰۃ بجٹ 2016-17 کے لیے 4 ارب14 کروڑ روپے کی منظوری دیدی گئی

تعلیمی وظائف جنرل و دینی مدارس اور جذام کے مریضوں کے ماہانہ وظیفہ میں اضافہ ،ضلعی و تحصیل ہسپتالوں کو فنڈز کی شرح بڑھا دی گئی گزارہ الاؤنس کی مد میں بھی زیادہ رقم مختص ، استفادہ کنندگان کی تعداد 95ہزار سے بڑھ کر ایک لاکھ27ہزار ہو جائیگی

جمعہ 12 اگست 2016 21:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 اگست ۔2016ء) صوبائی زکوٰۃکونسل پنجا ب نے زکوٰۃ بجٹ برائے سال2016-17 کے لیے 4 ارب14 کروڑ74لاکھ64 ہزار روپے کی منظوری دے دی ہے ۔صوبائی زکوٰۃ کونسل کا 164 واں اجلاس زیر صدارت چیئرمین جسٹس(ریٹائرڈ) اختر حسن منعقد ہوا۔ جس میں سیکرٹری زکوٰۃوعشر محمد حسن اقبال ،ایڈمنسٹریٹر زکوٰۃ پنجاب محمد یوسف بٹ، ڈپٹی سیکرٹری (ایڈمن) محمد اقبال اور کونسل کے ممبران،حافظ فضل رحیم اشرفی، حافظ زبیر احمد ظہیر ،محمد اظہر فاروقی، سعید احمد انصاری اور محترمہ تنویر کوثر نے شرکت کی۔

صوبائی زکوٰۃ کونسل نے تعلیمی وظائف جنرل و دینی مدارس اور جذام کے مریضوں کی ماہانہ شرح وظیفہ میں خاطر خواہ اضافہ کے علاوہ ضلعی و تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں کو فی بستر فنڈز کی شرح بڑھا دی ہے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں گزارہ الاؤنس کی مد میں بھی زیادہ رقم مختص کی گئی ہے جس کی وجہ سے گزارہ الاؤنس کے استفادہ کنندگان کی تعداد 95ہزار سے بڑھ کر ایک لاکھ27ہزار ہو جائیگی۔

مختص کردہ رقم کی تفصیل حسب ذیل ہے۔گزارہ الاؤنس کے لیے ایک ارب 58کروڑ55لاکھ 92ہزار،تعلیمی وظائف (فنی)ایک ارب2کروڑ روپے،صوبائی سطح کے ہسپتال/ طبی ادارہ جات30کروڑ روپے،رمضان و عیدگرانٹ14کروڑ روپے،تعلیمی وظائف(جنرل)12کروڑ11لاکھ53ہزار،دینی مدارس12کروڑ11لاکھ53ہزار،ہیلتھ کیئر12کروڑ11لاکھ53ہزار،شادی گرانٹ12کروڑ11لاکھ53ہزار،گزار الاؤنس برائے نابینا9کروڑ روپے،خود روزگار سکیم6کروڑ روپے،سماجی بحالی4کروڑ روپے جبکہ جذام کے مریضوں کے لیے18لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں ۔

مذکورہ بالا فنڈز ضلع زکوٰۃ کمیٹیوں و صوبائی سطح کے ہسپتالوں/ صحت اور دیگر ادار وں کو دو ششماہی اقساط میں جاری کئے جائیں گے نیز صوبائی زکوٰۃ کونسل نے زکوٰۃ پیڈ سٹاف کی تنخواہ میں ماہانہ ایک ہزار روپے اضافہ کی منظوری بھی دی ہے ۔

متعلقہ عنوان :