پیمرا نے ڈی ٹی ایچ لائسنسنگ کیلئے درخواستیں جمع کرانے کی تاریخ میں15ستمبر تک توسیع کی دیدی

جمعہ 12 اگست 2016 22:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 اگست ۔2016ء ) پیمرا اتھارٹی کا116واں اجلاس پیمرا ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں اتھارٹی نے ڈی ٹی ایچ لائسنسوں کے لیے درخواستیں جمع کرانے کی تاریخ میں 15ستمبر 2016؁ء تک توسیع کی منظوری دے دی۔ اتھارٹی نے ڈی ٹی ایچ لائسنسوں کے اجرا کے لیے تجویز کردہ ٹائم فریم کی بھی منظوری دی ۔

اتھارٹی کوغیر قانونی انڈین ڈی ٹی ایچ کی پاکستانی مارکیٹوں میں دستیابی کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ اتھارٹی نے غیر قانونی انڈین ڈی ٹی ایچ کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیا ہے۔ اتھارٹی نے میسرز آئی ٹی ای ایل سروسز پرائیویٹ لمیٹڈ، لاہور کو موبائل ٹی وی لائسنس کے اجرا کی منظوری دی۔ مزید برآں، اتھارٹی نے سندھی لینگویج اتھارٹی، حیدرآباد، مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، جامشورو اور ٹریفک پولیس ملتان کو نان کمرشل ایف ایم ریڈیو لائسنسز کے اجرا کی بھی منظوری دی۔

(جاری ہے)

اتھارٹی نے میسرز آئرن لائن پروڈکشن پرائیویٹ لمیٹڈکو ـ"Cinemachi Kids" کے لیے پاکستان میں لینڈنگ رائٹس کی اجازت دے دی۔ اتھارٹی نے میسرز سالار انجینئرنگ اینڈ انٹرپرائزز پرائیویٹ لمیٹڈ، کراچی کی درخواست پرایف ایم ریڈیوسٹیشن کی لائسنس یافتہ علاقے میں لوکیشن میں تبدیلی کی بھی منظوری دی۔چیئرمین پیمرا ابصار عالم کی زِیر صدارت اجلاس میں سیکریٹری اطلاعات و نشریات صبا محسن ، سیکریٹری داخلہ عارف احمد خان، چیئرمین پی ٹی اے ڈاکٹر اسماعیل شاہ، محترمہ شاہین حبیب اﷲ(ممبر خیبرپختونخوا)اور محترمہ نرگس ناصر (ممبر پنجاب) نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :