وزیراعلی خیبرپختونخوا پشاور کی خوبصورتی اور ترقی کیلئے صوبائی حکومت کے شروع کردہ منصوبوں پر کام کی رفتارتیز کرنے کی ہدایت

پشاور میں تمام پرائیویٹ میرج ہالوں میں پارکنگ وغیرہ کیلئے جگہ ہونی چاہیے۔ ستمبر میں دوفوڈسٹریٹس جبکہ 17جاری سکیمیں مکمل ہو جائیں گی

جمعہ 12 اگست 2016 22:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اگست ۔2016ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے پشاور کی خوبصورتی اور ترقی کیلئے صوبائی حکومت کے شروع کردہ منصوبوں پر کام کی رفتارتیز کرنے کی ہدایت کی ہے انہوں نے کہاکہ ریپڈ بس ٹرانسپورٹ منصوبہ پشاور میں بے ہنگم ٹریفک کے مسئلے کا ایک مربوط حل ہے توقع ہے کہ اس منصوبے کو رواں سال کے آخر تک عملی شکل دے دی جائے گی اس منصوبے سے بڑی شاہرات کو ایک دوسرے سے منسلک کرکے شہر بھر کو باہم مربوط کرنے میں مدد ملے گی ۔

وزیراعلیٰ نے پشاور شہر میں زکوڑی پل فلائی اوور اور ڈیٹورپل حیات آباد پر بھی عملی کام شروع کرنے کا حکم دیا۔وہ پشاور کی ترقی اور خوبصورتی سے متعلق وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

سینئر وزیر بلدیات عنایت اﷲ خان، ممبر صوبائی اسمبلی شوکت یوسفزئی ، صوبائی محکموں بلدیات و دیہی ترقی ، منصوبہ بندی و ترقی اورمواصلات و تعمیرات کے انتظامی سیکرٹریز ، کمشنر پشاور ، ضلع ناظم پشاور ، ٹاؤن ناظمین اور دیگر متعلقہ اہلکاروں نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس کو پشاور کی ترقی اور خوبصورتی سے متعلق ایک تفصیلی پریزینٹیشن بھی دی گئی۔وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ تاریخی چوک یادگار اور گھنٹہ گھر کو حقیقی تاریخی حالت میں لانے کیلئے مزید منصوبہ سازی کی جائے۔انہوں نے موٹر وے ، جی ٹی روڈ کے مختلف مقامات اور دیگر تمام مقامات جہاں پر تعمیراتی کام پہلے ہی ہو چکا ہے، پر شجر کاری اور لینڈ سکیپنگ کرنے کی بھی ہدایت کی ۔

ان سڑکوں خصوصاً شامی روڈ ، دلہ زاک روڈ ، یونیورسٹی روڈ ، جی ٹی روڈ اور دیگر رابطہ سڑکوں کی صفائی ستھرائی اور مناسب دیکھ بھال کی ضرورت ہے کیونکہ یہ سڑکیں پشاور میں مربوط تیز رفتار بس سروس سسٹم کا حصہ بنیں گی۔وزیر اعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ مختلف پارکوں کو اپنی تحویل میں لینے اورٹاؤن کی سطح پر مینجمنٹ کمیٹیوں کے ذریعے ان کی دیکھ بھال کو یقینی بنانے کے لئے کام کی رفتار تیز کی جائے۔

گور گھٹڑی میرج ہال اور ریسکیو 1122کو ان کے سامان سمیت متعلقہ محکموں کے حوالے کر دیا جائے اور مستقبل میں متعلقہ محکمے ہی ان کے انتظامات کریں گے۔انہوں نے ہدایت کی کہ پشاور میں تمام پرائیویٹ میرج ہالوں میں پارکنگ وغیرہ کیلئے جگہ ہونی چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ ستمبر میں دوفوڈسٹریٹس جبکہ 17جاری سکیمیں مکمل ہو جائیں گی اور شہر میں پانی کی کمی کا مسئلہ حل کرنے کے لئے 150ٹیوب ویل پہلے ہی نصب کر دئیے گئے ہیں۔

تاہم انہوں نے ہدایت کی کہ پشاور میں نکاسی کا نظام غلطیوں سے پاک اور جامع ہوناچاہیے ۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت وسائل کی فراہمی جاری رکھے گی تاہم ٹاؤنز کے لئے یہ لازمی ہوگا کہ وہ اپنے پانچ فیصد فنڈز خوبصورتی کے لئے خرچ کریں جبکہ وہ اپنے صوابدیدی وسائل سے اضافی رقوم بھی خرچ کر سکتے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے رکن صوبائی اسمبلی شوکت یوسفزئی،ضلع ناظم اور ڈائریکٹر جنرل پشاور ترقیاتی ادارہ پر مشتمل ایک کمیٹی بھی تشکیل دی جو چوک یادگار سمیت پشاور شہر کے مختلف حصوں کا دورہ کر کے اندرون شہر کی ضروریات سے متعلق ایک تفصیلی رپورٹ پیش کرے گی۔

متعلقہ عنوان :