قومی ایکشن پلان پرعمل درآمد کی راہ میں حکمرانوں کی آستین میں بیٹھے دشمن کے آلہ کار بڑی رکاوٹ ہیں‘لیاقت بلوچ

ملک کے استحکام اور سلامتی کیلئے کرپٹ ٹولے کو اقتدار کے ایوانوں سے نکالنا اور دیانتدار قیادت کو اس منصب پر بٹھانا ہوگا

جمعہ 12 اگست 2016 22:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اگست ۔2016ء ) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ملک کے استحکام اور سلامتی کیلئے کرپٹ ٹولے کو اقتدار کے ایوانوں سے نکالنا اور دیانتدار قیادت کو اس منصب پر بٹھانا ہوگا،دہشت گردی اور کرپشن کا چولی دامن کاساتھ ہے ۔کوئٹہ کا سانحہ بلوچستان میں امن کی کوششوں کو سبو تاژ کرنے کی سازش ہے ،قومی ایکشن پلان پرعمل درآمد کی راہ میں حکمرانوں کی آستین میں بیٹھے دشمن کے آلہ کار بڑی رکاوٹ ہیں،کرپشن پر عدالتی کمیشن کے قیام کی راہ میں رکاوٹوں کو دور کیا جانا چاہئے ،15اگست کو کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور بھارت کے یوم آزادی پر یوم سیاہ منانے کیلئے مظفر آباد سے چکوٹھی تک آزادی مارچ کیا جائے گا جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کریں گے،پاکستان کلمہ کی بنیاد پر بنا ہے اور اسی بنیاد پر قائم رہے گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے شعبہ اطفال کے زیر اہتمام منصورہ آڈیٹوریم میں منعقدہ پروگرام ’’بچوں کا پاکستان‘‘سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی لاہور ذکراﷲ مجاہد اور سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم بھی موجود تھے ۔

لیاقت بلو چ نے کہا کہ کوئٹہ سانحہ کے مجرموں کا سراغ لگانا اور اس کے پس پردہ سازش کو بے نقاب کرنا حکومت اور سیکیورٹی اداروں کا کام ہے ،انٹیلی جنس میں کہاں سقم ہے اس کا جائزہ لیا جانا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ اگر اس کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے تو اب اس پر حکمرانوں کو خاموش نہیں رہنا چاہئے کسی چیز پر پردہ نہیں پڑنا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ سمیت عالمی قوتوں کو مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے آگے بڑھنا اور کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دینا ہوگا۔

مسئلہ کشمیر حل نہ ہوا توپاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ کا خطرہ منڈلاتا رہے گا جو خطے میں بڑی تباہی کا باعث بن سکتا ہے اس سے اربوں انسانوں کے متاثر ہونے کا اندیشہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ موقع باہمی اتحاد و اتفاق کا ہے اس وقت ایک دوسرے پر الزامات لگانا درست نہیں ،باہمی الزام تراشی سے دشمن کو خوش نہیں کرنا چاہئے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے بھارت کی ضد خطے کو بڑی تباہی کی طرف دھکیل رہی ہے ۔

بھارتی حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں ہونے والے ظلم و تشدد اور انسانی حقوق کی بدترین پامالی کا عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں اور اداروں کو نوٹس لینا چاہئے ۔لیاقت بلوچ نے جشن آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں وہی قومیں بام عروج پر پہنچتی ہیں جو اپنے عظیم مقاصد کو ہمیشہ اپنی نظر وں میں رکھتی ہیں ۔

ہمارے سیاستدانوں ،سول اور ملٹری اسٹیبلشمنٹ کو یوم آزادی پر تجدید عہد کرنا چاہئے کہ وہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کو اس وقت بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے لیکن پاکستان کو اﷲ تعالیٰ نے بے پناہ قدرتی اور انسانی وسائل سے مالا مال کررکھا ہے قومی قیادت کو قومی ترجیحات کا تعین کرکے ان کے حصول کیلئے آگے بڑھنا چاہئے ۔

متعلقہ عنوان :