شہر کو سرسبز بنانے کیلئے نیشنل فورم کی شجرکاری مہم قابل تعریف ہے، شمیم ممتاز

شہرمیں صفائی اور دیگر مسائل کے حل کیلئے بھی کوششیں کے جائیں۔ نیشنل فورم کے وفد کی صوبائی وزیر سے ملاقات

جمعہ 12 اگست 2016 22:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اگست ۔2016ء) صوبائی وزیر برائے سماجی بہبود شمیم ممتاز کا کہنا ہے کہ شہر کو سرسبز بنانے کیلئے نیشنل فورم فار انوائرمنٹ اینڈ ہیلتھ کی شجرکاری مہم سرسبزکراچی قابل تعریف ہے اور اس عمل کیلئے ہمارا محکمہ بھی ان کا ساتھ دے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل فورم کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ شہر کے ماحول کو بہتر بنانے کیلئے شجرکاری کے ساتھ ساتھ صفائی مہم کی بھی ضرورت ہے اور حکومت سندھ اس کیلئے دن رات کام کر رہی ہے اور نیشنل فورم بھی اس مہم میں حکومت کا ساتھ دے۔ فورم کے وفد نے فورم کے صدر محمد نعیم قریشی کی سربراہی میں شہر میں سرسبز و پرسکون کراچی مہم، ماحولیاتی کانفرنس اور انوائرنمنٹ ایوارڈ کی تقریب کے سلسلے میں صوبائی وزیر سے ملاقات کی جن میں جنرل سیکریٹری انجینئر ندیم اشرف، انفارمیشن سیکریٹری مصطفی طاہر اور نعمان خان شامل تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی وزیر نے مزید کہا اس مہم کے علاوہ اس وقت شہر میں عوامی بیت الخلاء کی بھی ضرورت ہے کیونکہ اس کی کمی کی وجہ سے بھی ماحول پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ اس موقع پر این ایف ای ایچ کے صدر محمد نعیم قریشی نے کہا کہ اس وقت این ایف ای ایچ نے شہر میں 2014سے 2015تک 3لاکھ سے زائد پودے لگائے ہیں اور اب 2016میں مزید 40ہزار پودے سرسبز کراچی مہم کے تحت لگائے جا رہے ہیں اور اس سلسلے میں ہمیں حکومت کی توجہ کی ضرورت ہے۔ صوبائی وزیر نے بھی اس مہم میں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :