وفاقی وزیر داخلہ نے پریس کانفرنس میں سیاسی مخالفین کو آڑے ہاتھوں میں لے لیا ، خورشید شاہ کو میٹر ریڈر ‘ اعتزاز احسن کو ایل پی جی کوٹہ لینے والا اور ڈھنڈورچی قرار دیدیا

بلاول اور ایان علی کے ایئر ٹکٹ ایک ہی اکاؤنٹس سے ادا کئے جاتے ہیں ، چوہدری نثار نے پیپلز پارٹی کی ساری قیادت کو رگڑ دیا چوہدری نثار علی خان کا لگی لپٹی کے بغیر اپوزیشن رہنماؤں کی بیان بازی پر شدید ردعمل کا اظہار

جمعہ 12 اگست 2016 22:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 اگست ۔2016ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے پریس کانفرنس میں اپنے سیاسی مخالفین کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے خورشید شاہ کو میٹر ریڈر ‘ اعتزاز احسن کو ایل پی جی کوٹہ لینے والا اور ڈھنڈورچی قرار دیدیا‘ چوہدری نثار نے بلاول اور ایان علی کے ایئر ٹکٹ ایک ہی اکاؤنٹس سے ادا کئے جانے سمیت ساری پیپلز پارٹی کو رگڑ کر رکھ دیا‘ اپنے دوست عمران خان کو بھی نہیں بخشا ‘ بلاول کو کنٹینر پر چڑھانے سے پہلے ان سے سرے محل اور سوئس بینکوں میں رکھے پیسہ کہاں کے حوالے سے پوچھنے کا مشورہ بھی دے ڈالا۔

جمعہ کو اپنی پریس کانفرنس میں چوہدری نثار علی خان کا جوش خطابت دیدنی تھا۔ کسی لگی لپٹی کے بغیر اپوزیشن رہنماؤں کی بیان بازی پراپنے شدید ردعمل کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو اورایان علی کے ٹکٹ کے پیسے ایک ہی اکاؤنٹ سے جاتے ہیں۔ کرپشن کے خلاف تحقیقات میں کوئی سنجیدہ نہیں، یہ صرف مخالفین کے خلاف استعمال کیا جانے والا ہتھیار ہے،جب کہ ایف آئی اے اس معاملے کی تحقیقات کررہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے کہا گیا کہ ایان علی اور ڈاکٹرعاصم کے کیسز واپس لیں توآپ کی اور پیپلز پارٹی کی صلح ہو سکتی ہے،ایان علی 5 کروڑ لے جاتے ہوئے پکڑی گئیں تو کچھ لوگ دفاع میں نکل آئے اور لوگوں کی کھال اتارنے والے ایان علی کی مفت میں پیروی کررہے ہیں، جواب دیا جائے کہ ایان علی کا آصف زرداری سے کیا تعلق ہے۔عمران خان کرپشن کے خلاف نکلے ہیں اور وہ بلاول کو کنٹینر پر چڑھانے سے پہلے ان سے پوچھ لیں کہ سرے محل اور سوئس بینکوں میں رکھا پیسہ کہاں سے آیا، کیا سرے محل کسی پری اور دیو کا ہے اور ایک میٹر ریڈر یہاں تک کیسے پہنچا۔

جس کے لئے 3 آپشنز ہیں اور الزامات لگانے کے بجائے کمیشن بنادیا جائے جس کے لئے میڈیا، جوڈیشل کمیشن اور تیسرا سپریم کورٹ کا فورم ہے ۔ چوہدری نثار نے سید خورشید شاہ کو میٹر ریڈر اور ڈھنڈورچی قرار دیتے ہوئے اعتزاز احسن پر بھی ایل پی جی کوٹہ لینے کا الزام عائد کیا۔