لیونل میسی کا بین الاقوامی فٹ بال سے ریٹائرمنٹ واپس لینے کا اعلان

ہفتہ 13 اگست 2016 12:05

لیونل میسی کا بین الاقوامی فٹ بال سے ریٹائرمنٹ واپس لینے کا اعلان

بیونس آئرس(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13اگست۔2016ء )ارجنٹائن کے لیونل میسی نے انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لینے کا اعلان کردیا ہے جسکے بعد انھیں ورلڈ کپ کوالیفائرز کے لیے ارجنٹائنی سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے ۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سٹار فٹبالر لیونل میسی نے 2 ماہ قبل کوپا امریکا میں چلی کیخلاف فائنل میں پنیلٹی شوٹ آؤٹ ضائع کی تھی جس کی وجہ سے ارجنٹائن کو انکی زیرقیادت مسلسل چوتھے بڑے بین الاقوامی ایونٹ کے فائنل میں شکست ہوئی تھی اور میسی نے دلبرداشتہ ہوکر بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائر ہونے کا اعلان کیا تھا تاہم اب انہوں نے اپنا فیصلہ واپس لے لیا ہے ۔

میسی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ چلی کیخلاف فائنل کی شکست کے بعد وہ رات کوسو نہیں سکے تھے اور انکا ذہن طرح طرح کے خیالات بنتا رہا جس کے بعد انہوں نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ لیا لیکن اب ان کے خیال میں ٹیم کو بہت کچھ درست کرنا ضروری ہے اور وہ ٹیم سے باہر رہ کر اس پر تنقید کرنے کی بجائے اس کا حصہ بن کر اپنی صلاحیتیوں کے ذریعے فائدہ پہنچانے کے لئے دوبارہ میدان میں اتر نا چاہتے ہیں کیونکہ وطن کی محبت اور ٹیم کی نمائندگی ہی سب سے عظیم ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب میسی کو ورلڈ کوالیفائرز کے لئے ارجنٹائن کی ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے، ارجنٹائن ستمبر کے آغاز میں ورلڈ کپ کوالیفائر میں یوروگوائے اور وینزویلا کے خلاف میچز کھیلے گا۔