امریکا میں آئس کریم چوروں کی خبر دینے پرپانچ ہزارڈالر انعام کا اعلان

ہفتہ 13 اگست 2016 12:48

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 اگست ۔2016ء) نیویارک کے ایک ارب پتی شخص نے آئس کریم چوری کرنے والوں کی خبر دینے پر انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق گراسری سٹور کے مالک اور مئیر کے لیے سابق امیدوار ارب پتی جان کیٹسی میٹیڈس نے ٹوئٹر پر کہا کہ جو کوئی آئس کریم چوروں کی خبر دے گا وہ اسے 5,000 ڈالر انعام دیں گے۔

انھوں نے بتایا چور ان کے سٹور سے آئس کریم کی پیٹیاں چراتے ہیں اور انھیں چھوٹی دکانوں پر بیچ دیتے ہیں۔اخبار کے مطابق پولیس کو آئس کریم چوری کی 250 شکایات موصول ہوئی ہیں جس کے بعد 130 افراد کو گرفتار کیا گیا۔انھوں نے اپنے ایک سٹور میں ہونے والی ایک چوری کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ چیلسی میں موبائل فون سے چوروں کی واردات کے دوران فلم بنائی گئی۔

(جاری ہے)

ایک مرد اور ایک عورت نے آئس کریم کے 80 ڈبے تھیلوں میں ڈالے اور بھاگ کھڑے ہوئے تاہم پولیس کے مطابق سٹور کے ملازمین کا پیچھا کرنے پر وہ یہ تھیلے راستے میں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔شہر کے حکام کا کہنا تھا کہ ایسی آئس کریم کی فروخت صحت کے لیے بھی خطرہ ہے کیونکہ دودھ سے بنی ہوئی اشیا اگر فریزر سے باہر رکھی جائیں تو وہ جراثیم سے آلودہ ہو جاتی ہیں۔نیویارک میں اس وقت گرمی کی لہر جاری ہے جو آئندہ کئی روز تک جاری رہے گی۔ امکان ہے کہ درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جائے گا۔

متعلقہ عنوان :