پاکستان مسئلہ کشمیر کا اہم اور بنیادی فرقی ہے ، سید علی گیلانی

ہفتہ 13 اگست 2016 13:12

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13 اگست۔2016ء) کل جماتی حریت کانفرنس ”گ“ سید علی گیلانی نے بھارتی وزیر داخلہ کے پاکستان بارے حالیہ بیان کو مضحکہ خیز اور حقائق سے بعید تر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کا اہم اور بنیادی فریق ہے جبکہ سشماسوراج کو تاریخ کا مطالعہ کرنا چاہئے اپنے ایک بیان میں سید علی گیلانی نے کہاکہ بھارت نے روز اول سے ہی پاکستان کے وجود کو دل سے تسلیم نہیں کیا اور اس کے وجود میں آنے کے دن سے ہی اپنی پاکستان دشمنی اور فرقہ پرستانہ ذہنیت کے مطابق ہر وہ کوشش کی جس سے وہ ملک کمزور ہو جائے انہوں نے کہا کہ 1971 میں اسی پاکستان دشمنی اور فرقہ پرستانہ دشمنی کے جنون میں مبتلا ہو کر بھارت نے ایک گھناؤنی سازش کے ذریعے پاکستان کے مشرقی بازو کو بنگلہ دیش بننے میں کلیدی کردار ادا کیا کشمیر کی تحریک آزادی کو یہاں کے عوام کی اپنی تحریک قرار دیتے ہوئے سید علی گیلانی نے کہاکہ زمینی صورت حال سے چشم پوشی اور ہمارے بنیادی حق خودارادیت کے مطالبے سے مسلسل انکار کے لئے پاکستان کو مورد الزام ٹھہرا کر بھارت ہمیشہ سے یہ راگ الاپ رہا ہے انہوں نے کہا کہ بھارت کو یہ معلوم ہونا چاہئے کہ وہ کشمیری عوام کو طاقت کے زور پر جتنا دبانے کی کوشش کرے گا اتنی ہی تیزی سے یہ تحریک سرگرم ہوتی جائے گی ۔