شاہکوٹ، تعلیمی وظائف کی آڑ میں گھر میں گھسنے والی 2نو سر باز حسیناؤں نے 50ہزار روپے نقدی لوٹ لی

ہفتہ 13 اگست 2016 13:13

شاہکوٹ، تعلیمی وظائف کی آڑ میں گھر میں گھسنے والی 2نو سر باز حسیناؤں ..

شاہکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13 اگست۔2016ء) شاہ کوٹ تعلیمی وظائف کی آڑ میں گھر میں گھسنے والی 2نو سر باز حسیناؤں 50ہزار روپے نقدی لوٹ لی جبکہ ڈکیتی کی ایک دوسری واردات میں موٹر سائیکل سوار 3مسلح ڈاکوؤں نے تارا کوٹ روڈ پر سلاٹر ہاؤس کے سامنے دوپہر 2بجے کپڑے کے مقامی تاجروں کو لوٹ لیا، تفصیل کیمطابق وارڈ نمبر 15 کے رہائشی رانا اعجاز فوجی کے بیوی اور بچے گھر میں اکیلے موجود تھے کہ اس دوران گھر کے دروازے پر دستک ہوئی تو پوچھنے پر آواز آئی کہ ہم گرلز ہائی سکول چک نمبر 88کی ٹیچرز ہیں اور حکومت کیطرف سے آپکے زیر تعلیم بچوں کے وظائف کی رقم کی ادائیگی کیلئے آئی ہیں دروازہ کھولنے پر دونوں خواتین اندر داخل ہو گئیں اور کہنے لگیں کہ ہم نے آپ کو 70ہزار روپے دینے ہیں اور رقم گننا شروع کر دی اور کہا کہ 70ہزار کے بدلے آپ کو ہمیں 10ہزار روپے دینا پڑیں گے جس پر اعجاز کی بیوی نے گھر کے صندوق کا تالا کھول کر انکو 10ہزار روپے دے دئیے اسی دوران ان خواتین نے خاتون کو رومال سونگھا کر بیہوش کر دیا اور صندوق سے باقی رقم 40ہزار روپے بھی نکال لی اور باہر کھڑی کار میں سوار ہو کر وہاں سے رفو چکر ہو گئیں جسکے بعد اعجاز نے اپنے طور پر خواتین ملزمان کی تلاش شروع کر دی اور ایک پنچائت کے دوران محلہ کے دو نوجوانوں عرفان عرف فانی اور یاسین پر شک ظاہر کیا جن میں سے ایک منشیات فروش بھی ہے نے واردات کا سرعام اقرار کرتے ہوئے دھمکی دی کہ نوسر بازی کی واردات ہم نے ہی کروائی ہے تم جو کر سکتے ہو کر لو جس پر پنچایت میں موجود محلہ دار بھی حیران رہ گئے ،ملزمان کے اقرار کے بعد اعجاز نے تھانہ سٹی شاہکوٹ پولیس کو ملزمان کیخلاف درخواست دی مگر پولیس نے روایتی بے حسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تاحال ملزمان کیخلاف کوئی کاروائی نہیں کی ہے جسکی وجہ سے اعجاز فوجی نے تنگ آکر مقامی عدالت سے رجوع کر لیا ہے جبکہ ڈکیتی کی دوسری واردات میں مقامی صحافی حکیم جمیل اطہر کے بھانجے وارڈ نمبر 6کے رہائشی انصاری کلاتھ ہاؤس انار کلی بازار اور نیامت کلاتھ ہاؤس ( صادق کلاتھ ہاؤس)کا مالک وحید اعظم اپنے بھائی ،چچا زاد کزن اور بیوی بچوں کیساتھ کپڑے کی خریداری کیلئے کار نمبری LEL/529میں ڈرائیور کے ساتھ فیصل آباد جا رہا تھا کہ تارا کوٹ روڈ پر سلاٹر ہاؤس کے قریب دوپہر کے 2بجے موٹر سائیکل پر سوار3 مسلح ڈاکوؤں نے گاڑی کے قریب پہنچ کر زمین کیطرف فائرنگ شروع کر دی جس پر ڈرائیور نے خوفزدہ ہو کر گاڑی روک دی تو ڈاکوؤں نے کار میں سوار بچوں پر اسلحہ تان کر گاڑی کی تلاشی کے دوران ڈگی میں واپسی کیلئے رکھے گئے کپڑے کے تھان اور پلاسٹک کے شاپر میں موجود سوا 5لاکھ روپے نقدی اٹھا لی اور کار میں سوار وحید اعظم کی بیوی کے کانوں سے طلائی زیورات اتروا لئے اور دیگر افراد سے قیمتی موبائل فونز اور نقدی چھین لی اور دھمکیاں دیتے ہوئے وہاں سے فرار ہو گئے اس دوران سڑک سے راہگیر گزرتے رہے مگر اسلحہ دیکھ کر کسی نے بھی وہاں رکنے کی جرأت نہ کی ،واردات کے بعد پولیس ایمرجنسی 15پر اطلاع کی گئی مگر پولیس 1گھنٹہ کی تاخیر سے وہاں پہنچی اس دوران فہمید اعظم نے جی ٹی روڈ پر قریب ہی واقع پٹرولنگ پوسٹ اصغر آباد کو واردات کی اطلاع کی اور بتایا کہ اگر آپ چاہیں تو فرار ہونیوالے ڈاکوؤں کا پیچھا کر کے گرفتار کر سکتے ہیں مگر انہوں نے صاف جواب دیا کہ ہماری حدود نہیں ہے ،سٹی شاہکوٹ پولیس کے دیر سے پہنچنے اور پٹرولنگ پوسٹ اصغر آباد کے انکار کیوجہ سے ڈاکو پولیس کی پہنچ سے دور پہنچنے میں کامیاب ہو گئے۔