شاہ کوٹ: کار سوار 3مسلح ڈاکوؤں نے سانگلہ بازار میں موبائل شاپ پر دھاوا بول دیا

ہفتہ 13 اگست 2016 13:13

شاہ کوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13 اگست۔2016ء) شاہ کوٹ کار سوار 3مسلح ڈاکوؤں نے سانگلہ بازار میں موبائل شاپ پر دھاوا بول دیا، ایم نذیر موبائل شاپ کا مالک سامان اور نقدی سے محروم جبکہ دودھ فروش کا ڈکووٴں کے ساتھ انوکھا سودا ، پیسے نہ ہونے پر کپڑے اتار کر دے دئیے ، پولیس نے نامعلوم ڈاکوؤں کیخلاف مقدمہ درج کر لیا، تفصیل کیمطابق شاہکوٹ شہر اور گردونواح میں آجکل ڈاکو اور چور خاصے سرگرم دکھائی دے رہے ہیں اور بلاناغہ ڈکیتی کی وارداتیں رونما ہو رہی ہیں جس پر تاجر برادری اور شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں،شہر میں ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں کے نہ رکنے کی اہم وجہ پولیس نفری کی کمی ہے جس پر پولیس کے ضلعی حکام کو فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے، گزشتہ شب ساڑھے 10بجے کے قریب سانگلہ بازار میں الائیڈ بینک کے قریب واقع ایم نذیر موبائل شاپ کا مالک محمد انور اپنے دوستوں محمد آفتاب اور محمد سلیمان کے ہمراہ بیٹھا تھا کہ اس دوران سفید رنگ کی کار دوکان کے سامنے آکر رکی جس میں سے 3افراد باہر نکلے جن کے ہاتھوں میں پسٹل پکڑے ہوئے تھے اور انہوں نے آتے ہی دوکان میں موجود مالک اور اسکے دوستوں پر تشدد کرنا شروع کر دیا اور تینوں کو اسلحہ کی نوک پر یرغمال بنا کر تقریباََ 60ہزار روپے کی نقدی اور 3لاکھ کے موبائل فونز ،ایل ای ڈیز اور دیگر سامان لوٹ لیا اور وہاں سے فرار ہو گئے، پولیس تھانہ سٹی شاہکوٹ نے نامعلوم ڈاکوؤں کیخلاف مقدمہ درج کر لیا جبکہ نواحی گاوٴں پکھاریوال کا رہائشی دودھ فروش ماجد جٹ دودھ فروختگی کیلئے گاؤں سے باہر جا رہا تھا کہ قریبی لنک روڈ پر صبح 7بجے کے قریب 3مسلح ڈاکوؤں نے اسے روک لیا اور پیسے طلب کئے جس پر دودھ فروش نے جواب دیا کہ میرے پاس پیسے تو نہیں ہیں صرف موبائل فون، موٹر سائیکل اور جسم پر پہنے ہوئے کپڑے موجود ہیں جس پر ڈاکوؤں نے کپڑوں اور موبائل فون میں سے کسی ایک چیز کا مطالبہ کیا تو دودھ فروش نے موبائل فون دینے سے انکار کرتے ہوئے جسم پر پہنے ہوئے کپڑے اتار کر ڈاکوؤں کے حوالے کر دئیے اور برہنہ حالت میں گاؤں پہنچ گیا۔