کرکٹ بورڈ کے معاملات چلانے اور ٹیم سلیکشن کیلئے ابھی بھی بڑی بڑی سفارشیں آتی ہیں ‘نجم سیٹھی

ہفتہ 13 اگست 2016 13:26

کرکٹ بورڈ کے معاملات چلانے اور ٹیم سلیکشن کیلئے ابھی بھی بڑی بڑی سفارشیں ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 اگست ۔2016ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ کرکٹ بورڈ کے معاملات چلانے اور ٹیم سلیکشن کیلئے ابھی بھی انھیں بڑی بڑی سفارشیں آتی ہیں۔بی بی سی اردو کے فیس بک لائیو میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کرکٹ بورڈ کے معاملات میں اب بھی پانچ فیصد معاملات سفارش پر چلتے ہیں اور اس کلچر کو ختم کرنا اتنا آسان نہیں، کیونکہ اتنا تو ہمارے کلچر کا حصہ ہے نجم سیٹھی کے مطابق تقریباً ہر پاکستانی کرکٹ کا ایکسپرٹ ہے اور یہ تبصرہ کر رہا ہوتا ہے کہ ٹیم میں کون سفارشی ہے اور کون میرٹ پر کھیل رہا ہے۔

ایک صارف نے نجم سیٹھی سے سوال کیا کہ بطور ایک صحافی وہ کس طرح سے کرکٹ کے معاملات چلا رہے ہیں؟اس پر ان کا کہنا تھا کہ وہ کرکٹ بورڈ کے معاملات چلانے نہیں بلکہ پی سی بی کو ایک نیا آئین دینے اور انتخابات کروانے آئے تھے لیکن عدالتوں کے ایک سال تک چکر لگانے کے بعد تو وہ کرکٹ کے بارے میں بہت کچھ سیکھ گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پی سی بی چلانا ‘ پنجاب حکومت چلانے سے مشکل ہے۔

کرکٹ کے معاملات کب تک چلائیں گے؟ اس سوال پر نجم سیٹھی نے کہا کہ وہ کہیں نہیں جائیں گے اور تب تک کرکٹ کے معاملات دیکھیں گے جب تک وہ جو کرنے وہ آئے تھے اسے مکمل نہ کر لیں۔آخر میں اس سوال کے جواب میں کہ کیا آرمی چیف راحیل شریف ایکسٹینشن لے لیں گے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ انھوں نے جی ایچ کیو چڑیا بھجوائی تو چڑیا ناکام ہو گئی اور اس کے پر ہی کٹ گئے۔

متعلقہ عنوان :