وزیر اعظم فاروق حیدر نے 15اگست بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر آزاد کشمیر بھر میں یوم سیاہ کی کال دیدی

ہفتہ 13 اگست 2016 15:14

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 اگست ۔2016ء ) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے 15اگست بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر آزاد کشمیر بھر میں یوم سیاہ کی کال دے دی ۔یوم سیاہ کے موقع پرآزاد کشمیر بھر میں جلسے ،جلوس اور احتجاجی ریلیاں منعقد کر کے اقوام عالم کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں تیزی سے بگڑتی صورتحال کی طرف دلائی جائے گی ۔

یوم سیاہ کے موقع پر دارلحکومت مظفرآبادمیں احتجاجی ریلی سے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان اور آزاد کشمیر کے دیگر سیاسی زعما ء خطاب کریں گے ۔یوم سیاہ کے موقع پر آزاد کشمیر کے تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں احتجاجی جلسے ،جلوس اور ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔بیرون ممالک میں مقیم کشمیری بھرپور انداز میں یوم سیاہ منائیں گے اور اقوام عالم کی توجہ کشمیر یوں پرقابض بھارتی فورسز کے ہاتھوں ظلم و ستم کی جانب مبذول کروائیں گے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان سے امیر جماعت اسلامی مولانا عبدالرشید ترابی نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں کشمیر ایشو کے تناظر میں تفصیلی بات چیت کی گئی اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت فورسز کی طرف سے حریت قیادت کی گرفتاریوں ،مسلسل کرفیواور نہتے عوام پر ظالمانہ تشد د پر تشویش کا اظہار کیا گیا ۔ ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کے عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرنے پر حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا گیا ۔

ملاقات میں کشمیر ایشو کو اس کے حقیقی تناظر میں بین الاقوامی دنیا میں اجاگرکرنے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور مقبوضہ کشمیر میں حریت قیادت کی گرفتاریوں ،مسلسل کرفیوکے نفاذ اور بے گناہ شہریوں پر تشدد کی پر زور مذمت کی گئی۔