امریکہ میں مقیم سکھ برادری نے بھارت کے یوم آزادی کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 13 اگست 2016 15:24

امریکہ میں مقیم سکھ برادری نے بھارت کے یوم آزادی کے بائیکاٹ کا اعلان ..

امریکہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔13 اگست 2016ء ) : امریکہ میں مقیم سکھ برادری نے بھارت کے یوم آزادی کا بائیکاٹ کرنے اور 14 اگست کو پاکستان کی یوم آزادی کی تقریبات میں بھر پور شرکت کرنے کا اعلان کر دیا۔ امریکی ریاست نیویارک میں مقیم سکھ برادری کے ایک رہنماچرن سنگھ نے نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے کشمیر میں جاری بھارتی مظالم پر تشویش کا اظہار بھی کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ گجرات میں بطور وزیر اعلیٰ ہونے پر نریندر مودی نے مسلمانوں کی سرعام گردنیں کٹوائی تھیں اور آج وہ بھارت کا وزیراعظم بن کر کشمیر میں اور بھارت میں موجود اقلیتوں کے خون سے ہولی کھیل رہا ہے اور کوئی بھی ملک اس بدمست ہاتھی کو روکنے کی کوشش نہیں کر رہا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک اور کشمیر میں بھارتی مظالم کو دنیا بھر میں ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

نیویارک کے ممتاز وکیل تاجیندر سنگھ ننے بھی نجی ٹی وی چینل کو بتایا کہ بھارت کے " رام رام " کرنے والے نریندر مودی نے پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف کو " رام " کر رکھا ہے اسی لیئے بھارت کے حوصلے بلند ہو رہے ہیں اور کوئی بھارت کو روک نہیں پا رہا ۔سکھ رہنما نے الزام عائد کیا کہ سب کو بھارتی خفیہ ایجنسی " را " کے افغانستان سے مل کر پاکستان میں بم دھماکے کروانے کا علم ہے لیکن دنیا بھر کے بڑے ممالک ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہی ممالک بھارت میں کوئی بم دھماکہ ہونے پر پاکستان کے گرد اپنا شکنجہ کسنے کے لیے تیار ہو جاتے ہیں۔ سکھ برادری نے کہا کہ امریکہ میں مقیم سکھ کیمونٹی بھارت کے یوم آزادی کو بطور " یوم سیاہ " منائے گی اور بھارتی پرچم بھی نذر آتش کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اقوام متحدہ اور وائٹ ہاوس کو اس حوالے سے خطوط ارسال کر دئیے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ سکھ عوام بھارت کی غلامی سے نجات حاصل کرنے کے لیئے جدوجہد کر رہی ہے اور ہم بھارت سے آزادی لے کر ہی سانس لیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم مقبوضہ کشمیر میں جاری کشمیری عوام کی آزادی تحریک کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور اگر ہمیں پاکستان کی جانب سے مدد فراہم کی گئی تو ہم بہت جلد خالصتان اور مقبوضہ کشمیر کو بھی آزاد کروا سکتے ہیں۔