قائد آباد پل کے نیچے و اطراف قائم ناجائز تجاوزات کا خاتمہ کردیا گیا

ہفتہ 13 اگست 2016 16:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 اگست ۔2016ء) ڈپٹی کمشنر ملیر سید محمد علی شاہ کی ہدایت پر قائد آباد فلائی اوور کے نیچے قائم ناجائز تجاوزات کا مکمل طور سے خاتمہ کردیا گیا ہے۔ تفصیلا ت کے مطابق ضلع ملیر کے علاقے قائد آباد میں واقع فلائی اوور کے نیچے گزشتہ کئی سالوں سے ناجائز تجاوزات قائم تھیں جس کی وجہ سے نہ صرف ٹریفک کی روانی میں خلل واقع ہوتا تھا بلکہ عوامی گزرگاہ بھی بری طرح متاثر تھی۔

ڈپٹی کمشنر ملیر سید محمد علی شاہ کو اس سارے معاملے کے حوالے سے بے شمار شکایات بھی موصول ہو چکیں تھیں،لہذاٰ ضلع کی عوام کو ریلیف پہنچانے اور سرکاری زمین پر سے ناجائز تعمیرات سے خاتمے کے لئے لگاتار تین راتوں تک انسداد تجاوازت آپریشن منعقد کیا گیا جس کے نتیجے میں برسوں سے قائم ناجائز اور غیر قانونی تعمیرات کا خاتمہ کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

تین راتوں تک جاری رہنے والے اس آپریشن کے نتیجے میں درجنوں غیر قانونی دکانوں اور چھپروں سمیت تمام ناجائز تعمیرات کا قلع قمع کیا گیا ہے اور ڈپٹی کمشنر ملیر براہ راست سارے آپریشن کی نگرانی کرتے رہے۔ ڈی سی ملیر سید محمد علی شاہ کے مطابق غیر قانونی طور پر قائم شدہ تعمیرات کا خاتمہ ضلع کی عوام کا دیرینہ تفاضہ تھا اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے بھی اس امر کے حوالے سے نشاندھی کی گئی تھی، لہذاٰ حکومتی رٹ قائم رکھنے کے لئے تمام تر قانونی تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کیا گیا ہے۔

ڈی سی ملیر کا مزیدکہنا تھا کہ کسی بھی شخص یا گروہ کو مقررہ حد سے تجاوز کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی اور ضلع کی عوام کا بھر پور تعاون و اعتماد ان کے سرکاری اقدامات کو مزید جلاو حوصلہ بخشتا ہے۔ دوسری طرف عوام کی بڑی تعداد ڈی سی ملیر کو ان کی اس کاوش پر مبارک باد دیتی نظر آتی ہے،اور سول سوسائٹی سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے تمام طبقے ڈی سی ملیر کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

متعلقہ عنوان :