جنرل ہسپتال کل پرچم کشائی کی تقریب میں نرسنگ طالبات سبز آنچل اوڑھ کر شریک ہوں گی

ہفتہ 13 اگست 2016 16:52

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 اگست ۔2016ء)پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و لاہور جنرل ہسپتال کی انتظامیہ اور ملازمین نے جشن آزادی شایان شان طریقے سے منانے کی تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ اس سلسلے میں (14 اگست اتوار) ایل جی ایچ کے سبزہ زار میں جشن آزادی کی مناسبت سے ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا ہے ۔تقریب کی صدارت پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر غیاث النبی طیب کریں گے جبکہ ایم ایس ڈاکٹر جنید مرزا ،فیکلٹی ممبران، ڈاکٹرز ، پیرا میڈکس کے علاوہ نرسنگ سکول کی طالبات سبز آنچل اوڑھ کر تقریب کی شان میں اضافہ کریں گی ۔

یوم آزادی کی تقریب میں قومی پرچم لہرانے کی رسم بھی ادا کی جائے گی اور قومی و ملی نغمے بھی پیش کئے جائیں گے۔ اس موقع پر مقررین ، تحریک پاکستان کے کارکنوں اور بانیان پاکستان کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کریں گے۔

(جاری ہے)

ہسپتال میں داخل مریضوں میں مٹھائی تقسیم کی جائے گی ۔ دریں اثنا یوم آزادی کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر غیاث النبی طیب نے ادارے سے فارغ التحصیل معالجین و لاہور جنرل ہسپتال میں مریضوں کی دیکھ بھال پر مامورڈاکٹروں، نرسوں، پیرامیڈیکس اور امیرالدین میڈیکل کالج کے طلباء و طالبات پر زور دیا ہے کہ وہ یوم آزادی مریضوں، ان کے لواحقین اور عام شہریوں کو ڈینگی اور کانگو وائرس کے خطرات اور بچاوٴ کے بارے میں شعور کی فراہمی کے عزم کے ساتھ منائیں اور قائد و اقبال کے تندرست و توانا پاکستانی قوم کے خواب کی تعبیر کی طرف عملی قدم اٹھاتے ہوئے دکھی انسانیت کی خدمت کا عظیم مشن پورا کریں۔