بنگلہ دیشی بورڈ نے پابندی کے شکار محمد اشرفل کو جزوی طور پر ڈومیسٹک کرکٹ کی اجازت دیدی

ہفتہ 13 اگست 2016 17:25

بنگلہ دیشی بورڈ نے پابندی کے شکار محمد اشرفل کو جزوی طور پر ڈومیسٹک ..

ڈھاکا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 اگست ۔2016ء) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی)نے میچ فکسنگ کے جرم میں پابندی کے شکار سابق کپتان محمد اشرفل کو جزوی طور پر ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دیدی۔بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اشرفل نے 2014 میں بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل)میں میچ فکسنگ کا اعتراف کرتے ہوئے قوم سے معافی مانگی تھی جس کے بعد بورڈ نے ان پر 8 سال کی پابندی عائد کردی تھی۔

اشرفل نے پابندی کے خلاف اپیل دائر کی تھی جس پر ستمبر 2014 میں ان کی سزا کو کم کرکے 5 سال کردی گئی تھی جس میں دو سال معطلی کی سزا بھی شامل ہے۔واضح رہے بی سی بی اور آئی سی سی نے سوئٹزرلینڈ کے شہر لوسانے میں عالمی ثالثی عدالت میں اشرفل کی سزا میں کمی کے خلاف اپیل کی بعدازاں دونوں حکام نے اپیل کی درخواست واپسی لے لی تھی۔

(جاری ہے)

محمد اشرفل کے برطانوی وکیل یاسین پٹیل کا کہنا ہے کہ محمد اشرفل 13 اگست 2016 کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کے اہل ہوگئے ہیں جبکہ وہ 2018 میں انٹرنیشنل کرکٹ یا بی پی ایل میں بھی کھیلنے کے اہل ہوجائیں گے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بی سی بی کے سربراہ ناظم الدین چوہدری کا کہنا تھا کہ سابق کپتان اشرفل پر جزوی طور پر پابندی اٹھالی گئی ہے تاہم اس حوالے سے آئی سی سی کے ہدایات نامے کا انتظار کررہے ہیں کہ اشرفل کو کن ٹورنامنٹس میں کھیلنے کی اجازت دینی چاہیئے۔دوسری جانب آئی سی سی کے ترجمان نے اس رپورٹ کے حوالے سے کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔محمد اشرفل نے 17 سال کی عمر میں اپنے کیرئیر کا آغاز کیا تھا، انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں سنچری بناکر یہ اعزاز حاصل کرنے والے ملک کیسب سے کم عمر کھلاڑی بن گئے تھے۔انہوں نے 61 ٹیسٹ، 177 ایک روزہ اور 23 ٹی ٹوئنٹی میچز میں بنگلہ دیش کی نمائندگی کی۔

متعلقہ عنوان :