بھارتی میڈیا کا پاکستان کیخلاف بھونڈا اور مضحکہ خیز پراپیگنڈا

گلگت بلتستان کے کئی علاقوں کو بلوچستان اور کئی علاقوں کو آزاد کشمیر کا حصہ بنا کر دکھا دیا، مظاہروں کی جھوٹی ویڈیوز کا بھانڈا پھوٹ گیا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 13 اگست 2016 20:22

بھارتی میڈیا کا پاکستان کیخلاف بھونڈا اور مضحکہ خیز پراپیگنڈا

نئی دہلی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13اگست2016ء) بھارتی میڈیا کے پاکستان کیخلاف بھونڈے اور مضحکہ خیز پراپیگنڈے کا بھانڈا پھوٹ گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں نہتی اور معصوم عوام کیخلاف جاری بھارتی فوج کے مظالم دنیا بھر میں ایکسپوز ہو چکے ہیں۔ بھارتی مظالم کے ایکسپوز ہو جانے کے بعد سے بھارت شدید دباو میں ہے اور بوکھلاہٹ میں مضحکہ خیز حرکتیں کر رہا ہے۔

گزشتہ روز بھارتی وزیراعظم کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے حالیہ حالات سے توجہ ہٹانے کیلئے پاکستان پر بلوچستان اور آزاد کشمیر میں عوام پر مظالم ڈھانے کا مضحکہ خیز الزام عائد کیا گیا تھا۔ اور اب بھارتی میڈیا کی جانب سے بھی غلیظ اور مضحکہ خیز پراپیگینڈا شروع کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے بھارتی چینل ٹائمز ناو کی جانب سے ایک مضحکہ خیز اور بھونڈی پراپیگنڈا ویڈیو جاری کی گئی ہے جس کے باعث وہ خود ہی تماشہ بن گیا ہے۔

(جاری ہے)

مذکورہ مضحکہ خیز اور جھوٹی ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ بلوچستان اور آزاد کشمیر کے عوام پاکستانی حکومت اور فوج کیخلاف مظاہرے کر رہے ہیں۔ ویڈیو میں ایک شخص کو بلوچی سرگرم کارکن کے طور پر دکھایا گیا ہے اور یہ شخص پاکستان سے آزادی کا مطالبہ کر رہا ہے اور بھارتی وزیراعظم کی تعریف کرتے ہوئے ان سے مدد کی اپیل کر رہا ہے۔ دلچسپ اور مضحکہ خیز بات یہ ہے کہ مذکورہ شخص کو ایک جانب تو بلوچی بنا کر دکھایا گیا ہے تو دوسری جانب اسے گلگت میں مظاہرہ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

اس ویڈیو میں بھارتی چینل نے مضحکہ خیزی کی تمام حدیں پار کرتے ہوئے گلگت بلتستان کے کئی علاقوں کو آزاد کشمیر اور کئی علاقوں کو بلوچستان کا حصہ دکھایا ہے۔ بھارت کی جانب سے اس قسم کی پراپیگنڈا کرنے کی ایک بڑی اور سب سے اہم وجہ گوادر بندرگاہ کا آپریشن ہو جانا بھی ہے۔ جیسے جیسے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ تکمیل کے مراحل طے کر رہا ہے اور گوادر بندرگاہ میں تجارتی اور اقتصادی سرگرمیاں بڑھتی جا رہی ہیں ویسے ویسے بھارت اور مغربی طاقتوں کی بے چینی بڑھتی جا رہی ہے۔ اس باعث بھارت اور پاکستان مخالف مغربی طاقتوں کی جانب سے ایسے غلیظ پراپیگنڈا کے ذریعے بلوچستان کو علیحدہ کرنے کے ناکام منصوبے میں جان ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔