بچوں کی گمشدگی کے واقعات میں کوئی منظم گروہ ملوث نہیں ‘وزیر قانون پنجاب

ہر ایک گمشدہ بچے کی بازیابی تک حکومت چین سے نہیں بیٹھے گی ‘ رانا ثنااﷲ کی گفتگو

ہفتہ 13 اگست 2016 22:45

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 اگست ۔2016ء ) صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثناء اﷲ خاں نے کہا ہے کہ بچوں کی گمشدگی کے واقعات میں کوئی منظم گروہ ملوث نہیں ،جتنے بھی واقعات رپورٹ ہوئے ہیں وہ انفرادی نوعیت کے ہیں ، والدین کے لئے ایسے واقعات یقینا پریشان کن ہیں تاہم ان واقعات کو حقیقی تناظر میں دیکھا جانا ضروری ہے، وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر قانون نافذ کرنے والے ادارے بچوں کی گمشدگی کے واقعات کے تدارک کے لئے شب و روز کوشاں ہیں۔

(جاری ہے)

وہ 90شاہراہ قائد اعظم پر پنجاب میں بچوں کی گمشدگی کے حوالے سے ظہور پذیر ہونے والے واقعات پر سینئر کالم نگاروں اور ٹی وی اینکر زکو بریف کررہے تھے- اس موقع پر مشیر وزیراعلی پنجاب رانا مقبول ، چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن ویلفیئربیورو صبا صادق ، سیکرٹری داخلہ اعظم سلیمان اور سی سی پی او لاہور بھی موجود تھے- رانا ثناء اﷲ خاں نے کہا کہ بچوں کی گمشدگی کے حوالے سے حکومت والدین کا دکھ سمجھتی ہے -انہوں نے کہا کہ ہر ایک گمشدہ بچے کی بازیابی تک حکومت چین سے نہیں بیٹھے گی -انہوں نے کہا کہ بچوں کی گمشدگی کے بیشتر واقعات میں بچوں کا گھروں سے باوجوہ بھاگنا سرفہرست ہے - انہوں نے کہا کہ بچوں کا گھروں سے بھاگنا ایک معاشرتی مسئلہ ہے جس کے لئے والدین اوراساتذہ کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے - وزیرقانون نے کہا کہ میڈیا اس اہم معاشرتی مسئلے کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے -انہوں نے کہا کہ میڈیا عوام کو اس ضمن میں حقائق بتا کرخوف وہراس کی فضا کو کم کرسکتا ہے- قبل ازیں اے آئی جی آپریشن نے شرکاء اجلاس کو بچوں کی گمشدگی کے واقعات کے حوالے سے پریذینٹیشن دی-

متعلقہ عنوان :