سپیکر و ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کی یوم آزادی کے پر مسرت موقع پر قوم کو مبارک باد

ہفتہ 13 اگست 2016 22:56

اسلام آباد ۔ 13 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔13 اگست ۔2016ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈپٹی سپیکر مر تضٰی جاوید عباسی نے یوم آزادی کے پر مسرت موقع پر قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج کا دن تحریک آزادی کے شہدا اور بانیان پاکستان کی انتھک جہدوجد کو خراج عقیدت پیش کرنے کا ہے‘ اس وطن کی بنیادوں میں لا کھوں شہدا کا خون اور بانیان پاکستان کی انتھک جدو جہد شامل ہے‘اجدا د کی اس امانت کی حفاظت اور اس کی تر قی و خوشحالی کے لیے سعی و پیہم ہم سب پر لا زم ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ اس مادر وطن کی تر قی و خوشحالی کے لیے ہم کوئی دقیقہ فرو گزاشت نہیں کر یں گے ۔سپیکر نے کہا کہ قائدا عظم محمد علی جناح نے ایک جمہوری ،خوشحال اور پر امن ملک کا خواب دیکھا تھا جہاں سب کو مساوی حقو ق اور انصاف میسر ہو اور دنیاکے لیے ایک بہترین مثال ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 14اگست ہمیں اس ملک کے قیام ، دفاع اور سیکورٹی کے لیے دی جانے والی بے شمار قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہم سب کے لیے باعث فخر ہے اور پوری قوم ہر سال تحریک آزادی کے شہداء اور بانیان پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے شایان شان طر یقے سے مناتی ہے ۔سپیکر نے کہا کہ آج کا دن ہمیں ملکی تر قی اور خوشحالی کے لیے خلوص نیت اور لگن اور محنت سے کام کرنے کا پیغام دیتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں اپنے منصوبو ں ،عمل اور حاصل ہونے والے نتائج پر غور کرنا ہوگا اور ایک نئے جذبے اور عزم کے ساتھ ملک کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لیے عہد کرنا ہو گا۔