واہگہ بارڈر‘ پرچم اتارنے کی شاندار تقریب،کشمیر بنے گا پاکستان ، اللہ اکبر، پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے

واہگہ بارڈر پر ہونے والی پرچم اتارنے کی خصوصی تقریب میں آرمی پبلک سکول پشاور کے بچوں کی بالخصوص شرکت۔ تفصیلی خبر

اتوار 14 اگست 2016 21:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔14اگست۔2016ء) یوم آزادی پر واہگہ بارڈر پر پرچم اتارنے کی شاندار تقریب منعقد ہوئی جس نے آزادی کا جشن دوبالا کر دیا۔تفصیلات کے مطابق قدم سے قدم ملاتے رینجرز کے جوانوں نے دشمن پر لرزہ طاری کئے رکھا، کشمیر بنے گا پاکستان ،اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگاتے پاکستانی بھی ارض پاک کی جانب میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو ناکوں چنے چبوانے کا پیغام دیتے رہے آزادی کے دن دشمن کے پڑوس میں بھی جشن منایا گیاخصوصی تقریب میں شریک شہریوں کا جوش و خروش بھی عروج پر رہا۔

(جاری ہے)

کوئی سبز ہلالی پرچم اٹھائے آیا۔ کسی نے فلک شگاف نعرے لگا کر دلوں کو گرمایا پاکستانیوں کے پاکستان زندہ باد کے نعرے دشمن کو ارض پاک کی جانب اٹھنے والی میلی آنکھ نکال پھینکنے کا پیغام بھی دیتے رہے۔ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے اور ملی نغموں کی گونج بھی پاکستانیوں کے عزم و استقلال کی ترجمانی کرتی رہی۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کیلئے تقریب کی سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔آزادی کے دن واہگہ بارڈر پر ہونے والی پرچم اتارنے کی خصوصی تقریب میں آرمی پبلک سکول پشاور کے بچوں نے بالخصوص شرکت کی۔