لیفٹیننٹ جنرل (ر) حمید گل کی پہلی برسی کے موقع پر نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام سیمینار کا اہتمام،حمید گل ایک بہادر سپاہی تھے، ان کی قیادت میں فوج نے بڑی کامیابیاں حاصل کیں، افغانستان میں روسی افواج کو شکست ہوئی،روس کی مسلم ریاستیں آزاد ہوئیں،مولانا فضل الرحمٰن،اعجازالحق اور دیگر کا خطاب

پیر 15 اگست 2016 22:58

اسلام آباد ۔ 15 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔15 اگست ۔2016ء) لیفٹیننٹ جنرل (ر) حمید گل کی پہلی برسی کے موقع پر نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام ایوان قائد میں سیمینار کا اہتمام کیا گیا،جس میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور مرحوم کی روح کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ اس موقع پر جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے ملک و قوم کیلئے لیفٹیننٹ جنرل (ر) حمید گل کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حمید گل ایک بہادر سپاہی تھے، ان کی قیادت میں فوج نے بڑی کامیابیاں حاصل کیں، افغانستان میں روسی افواج کو شکست ہوئی جس کی بدولت روس کی مسلم ریاستیں آزاد ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کر رہا ہے جو کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو نہیں دبا سکتا۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ضیاء) کے سربراہ اعجاز الحق نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل حمید گل مرحوم صرف پاکستان کے نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کے ہیرو تھے، موجودہ حالات میں ان کی کمی کو محسوس کیا جا رہا ہے، ہمیں ان کے افکار پر عمل کرنا چاہئے۔ آخر میں ڈاکٹر فیاض احمد رانجھا نے اجتماعی دعا کرائی اور ملک و قوم کی سلامتی کیلئے دعا کی۔